• Wed, 15 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل حامی اپوزیشن لیڈر کو امن کا نوبیل انعام ملنے کے بعد وینزویلا نے ناروے میں سفارت خانہ بند کیا

Updated: October 14, 2025, 9:07 PM IST | Caracas

وینزویلا کی وزارت خارجہ نے اسے ”ملک کی خارجہ خدمات کی جامع تنظیم نو“ کے تحت اُٹھایا گیا اقدام قرار دیا۔

Nicolás Maduro and María Corina Machado. Photo: X
نکولس مادورو اور ماریہ کورینا مشاڈو۔ تصویر: ایکس

وینزویلا نے جمعہ کو ناروے میں اپنا سفارت خانہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ، نارویجیئن نوبیل کمیٹی کی جانب سے جنوبی امریکی ملک کی اپوزیشن لیڈر ماریہ کورینا مشاڈو امن کا نوبیل انعام دینے کے اعلان کے چند دنوں بعد سامنے آیا ہے جو اسرائیل کی حمایت اور غزہ کی صورتحال کو کم اہمیت دینے والے تبصروں کیلئے جانی جاتی ہیں۔

وینزویلا کی وزارت خارجہ نے اسے ”ملک کی خارجہ خدمات کی جامع تنظیم نو“ کے تحت اُٹھایا گیا اقدام قرار دیا لیکن نوبیل کمیٹی کے فیصلے کا براہ راست ذکر نہیں کیا۔ وزارت نے آسٹریلیا میں وینزویلا کے سفارت خانہ بند کرنے کی بھی تصدیق کی۔ وزارت نے کہا کہ ”اس تنظیم نو کا مرکزی مقصد ریاستی وسائل کو بہتر بنانا اور عالمی جنوب (Global South) کے ساتھ اتحاد کو مضبوط بنانے کیلئے ہماری سفارتی موجودگی کو نئی شکل دینا ہے۔“ وزارت نے مزید کہا کہ وینزویلا ”انصاف، یکجہتی اور شمولیت“ پر مبنی عالمی نظام کیلئے پرعزم ہے۔ تاہم، ناروے کی وزارت خارجہ نے کراکس کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: نوبیل انعام ۲۰۲۵ء: جوئل موکیر، فلپ اگیون اور پیٹر ہاؤٹ کو نوبیل برائے معاشیات

وینزویلا کا یہ اقدام، ناروے کی نوبیل کمیٹی کے ۱۰ اکتوبر کو کئے گئے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس نے اپوزیشن لیڈر مشاڈو کو ”وینزویلا میں جمہوری حقوق کو فروغ دینے کی کوششوں اور آمریت سے جمہوریت کی طرف پرامن تبدیلی کیلئے ان کی جدوجہد“ کی ستائش کرتے ہوئے انہیں امن کا نوبیل انعام دینے کا فیصلہ کیا۔ اس کے جواب میں مشاڈو نے اپنا انعام سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام کیا۔ اے ایف پی نیوز ایجنسی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں مشاڈو نے وینزویلین صدر نکولس مادورو پر تنقید کی اور کہا کہ ان کا وقت اب ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے پرامن تبدیلی کو قبول کرنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکی مسلم گروپ نے وینزویلا کی اسرائیل حامی لیڈر کو امن کا نوبیل انعام دینے پر شدید تنقید کی

واضح رہے کہ مشاڈو کو اسرائیل کی حمایت کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے ۲۰۲۱ء میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اسرائیل کو ”آزادی کا حقیقی اتحادی“ قرار دیا تھا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں، انہوں نے عہد کیا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہوتی ہیں تو وہ وینزویلا کے سفارت خانے کو یروشلم منتقل کر دیں گی۔ ساتھ ہی مشاڈو”اسرائیلی ریاست کے ساتھ قریبی تعلقات“ کی بھی خواہش مند ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK