بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے ایک ہزار۷۹۰؍ عمارتوں کو خطرناک جبکہ۲۲۷؍ کوانتہائی خطرناک قرار دیا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2026, 12:21 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے ایک ہزار۷۹۰؍ عمارتوں کو خطرناک جبکہ۲۲۷؍ کوانتہائی خطرناک قرار دیا۔
مانسون کے آغاز کے ساتھ ہی مخدوش عمارتوں کا مسئلہ ایک بار پھر سنگین ہو گیا ہے۔ بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مالی سال ۲۷-۲۰۲۶ء کے لئے کئے گئے سروے میں شہر کی ایک ہزار۷۹۰؍عمارتوں کو خطرناک اور انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ان میں۲۲۷؍ عمارتیں سی-۱؍(انتہائی خطرناک) زمرے میں شامل ہیں۔ میونسپل انتظامیہ کے مطابق خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں میں رہائشی عمارتوں کے علاوہ کچے مکانات اور پاورلوم کارخانے بھی شامل ہیں۔ ریاستی حکومت اور عدالتی ہدایات کے مطابق ان عمارتوں کے مالکان، کرایہ داروں اور قابضین کو نوٹس جاری کرکے عمارتیں خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ متعدد عمارتوں کے مالکان اور رہائشی باہمی تنازعات یا دیگر وجوہات کی بناء پر مخدوش حصوں کو ہٹانے یا عمارتوں کی مرمت کیلئے ضروری اقدامات نہیں کر رہے ہیں جس سے بارش کے دوران حادثات کا خطرہ برقرار ہے۔ ایسے میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر خطرناک عمارتیں خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔میونسپل کمشنر انمول ساگر نے حال ہی میں اس مسئلے پر جائزہ اجلاس منعقد کرکے پانچوں پربھاگ سمیتیوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو انتہائی خطرناک عمارتوں کو خالی کرانے اور انہیں منہدم کرنے کی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلے میں پربھاگ سمیتی ۵؍ کے علاقے میں ایک مخدوش عمارت کو منہدم کرنے کی کارروائی بھی شروع کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تکارام منڈے کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کرنے والا شخص گرفتار
شہر ترقیاتی افسر سمیر جاورے کے مطابق ۲۲۷؍ عمارتیں سی-۱،۸۱۳؍ عمارتیں سی-۲؍ اے، ۵۱۶؍ عمارتیں سی-۲؍ بی اور۲۲۱؍ عمارتیں سی-۳؍زمرے میں شامل ہیں۔ سی-۱؍ زمرے کی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا کر منہدم کرنا ضروری ہے جبکہ سی-۲؍ اے زمرے کی عمارتوں کو خالی کرا کے مرمت کی جائے گی۔ سی-۲؍ بی زمرے کی عمارتوں میں رہائشیوں کی موجودگی میں مرمت ممکن ہے جبکہ سی-۳؍ زمرے کی عمارتوں میں معمولی مرمت کی ضرورت ہے۔
پربھاگ سمیتی ایک میں۱۶۶، پربھاگ سمیتی۲؍میں۴۴۶، پربھاگ سمیتی۳؍ میں ۳۸۲، پربھاگ سمیتی۴؍ میں۳۸۶؍ اور پربھاگ سمیتی ۵؍ میں۴۱۰؍ خطرناک عمارتیں نشان زد کی گئی ہیں۔میونسپل انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مناسب نوٹس اور مہلت کے باوجود مالکان یا رہائشی عمارتیں خالی نہیں کرتے تو پانی اور بجلی کے کنکشن منقطع کرکے پولیس کی مدد سے عمارتیں خالی کرائی جائیں گی اور بعد ازاں انہیں منہدم کیا جائے گا۔ مخدوش عمارت کے گرنےکی ذمہ داری متعلقہ مالکان، قابضین اور رہائشیوں پر عائد ہوگی۔