Inquilab Logo Happiest Places to Work

تکارام منڈے کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کرنے والا شخص گرفتار

Updated: June 25, 2026, 12:03 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ملزم درگا پرساد پانڈے نے ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی آمیز انداز اختیار کیاہے۔

Accused Durga Prasad Pandey is seen in police custody. Photo: INN
ملزم درگا پرساد پانڈے پولیس کی گرفت میں نظر آرہا ہے۔ تصویر: آئی این این

محکمہ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے) میں پرنسپل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے آئی اے ایس افسر تکارام منڈے نے ملاوٹ مافیا کے خلاف ایک فیصلہ کن جنگ چھیڑ رکھی ہے۔اس مہم کے دوران کئی غیر قانونی دھندے بند کر دیئے گئے ہیں جس سے بوکھلائے ہوئے ملاوٹ کرنے والوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔اسی پس منظر میں ایک شخص کی جانب سے پرنسپل سیکریٹری کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک نازیبا اور اشتعال انگیز ویڈیو وائرل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پرکھڑک پاڑہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔مہاراشٹر میں برسوں سے دودھ سے تیار ہونے والی مصنوعات، کولڈ ڈرنکس، شراب، کاسمیٹکس اور دیگر اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ کا مکروہ دھندہ بے خوف و خطر جاری تھا۔ الزام ہے کہ ایف ڈی اے کے بعض سابقہ عہدیداروں کی مبینہ غفلت اور نرم رویّے کے باعث ملاوٹ مافیا کو کھلی چھوٹ حاصل تھی جس کے نتیجے میں عوام کی صحت سے مسلسل کھلواڑ کیا جاتا رہالیکن ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے کے عہدہ سنبھالتے ہی صورتحال میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ انہوں نے منصب سنبھالنے کے فوراً بعد ریاستی سطح پر ملاوٹ کے خلاف سخت اور منظم مہم کا آغاز کیا۔اس مقصد کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے پہلے ہی دن سے مختلف اضلاع میں ملاوٹ کے اڈوں پر مسلسل چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ان کارروائیوں کے دوران روزانہ لاکھوں روپے مالیت کی مضرِ صحت اور غیر معیاری اشیاء ضبط کرکے تلف کی جا رہی ہیں۔اس سخت کارروائی کے اثرات اس قدر نمایاں ہوئے ہیں کہ متعدد ہوٹل مالکان اور سویٹ مارٹ چلانے والوں نے پنیر، کھویا اور دیگر غذائی اشیاء کا ذخیرہ رکھنا تک محدود یا بند کر دیا ہے تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔دوسری جانب ریاست بھر میں پان کی دکانوں پر ممنوعہ گٹکھے کی فروخت کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جس سے غیر قانونی کاروبار سے وابستہ عناصر میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔اسی تناظر میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں ملزم درگا پرساد پانڈے نے ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی آمیز انداز اختیار کیا۔

یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ: کار کا ایئر بیگ پھٹنے سے نوجوان کی درد ناک موت

ویڈیو میں اس نے کہا کہ اگرانتظامیہ میں واقعی ہمت ہے تو چھوٹے دکانداروں کے بجائے ان بڑی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرے جو مبینہ طور پر ملاوٹ شدہ مصنوعات تیار کرتی ہیں۔ ملزم نے ویڈیو میں تکارام منڈے کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے ان کے کام کرنے کے طریقے پر بھی تنقید کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK