احاطے میں غیر قانونی طور پر کھانا پکانے کا پردہ فاش، آلات ضبط،غیر معیاری و غیر صحت بخش چکن اور فاسٹ فوڈ برآمد۔
EPAPER
Updated: September 07, 2026, 10:27 AM IST | Ejaz Abdul Ghani
احاطے میں غیر قانونی طور پر کھانا پکانے کا پردہ فاش، آلات ضبط،غیر معیاری و غیر صحت بخش چکن اور فاسٹ فوڈ برآمد۔
سینٹرل ریلوے کی حدود میں مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے دعوؤں کے بیچ ایک سنگین لاپروائی سامنے آئی ہے۔ کلیان جیسے مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اعلی سطحی ویجیلنس ٹیم نے ایئر کنڈیشنڈ (اے سی) ویٹنگ لاؤنج پر اچانک چھاپہ مار کر وہاں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کاپردہ فاش کر دیا۔ریلوے قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاؤنج کے احاطے کو باقاعدہ غیر قانونی باورچی خانے میں تبدیل کر دیا گیا تھا جہاں مسافروں کی صحت اور حفاظتی ضوابط کو یکسر نظر انداز کرکے الیکٹرک چولہے جلائے جا رہے تھے۔اتوار کو سینٹرل ریلوے کی وجیلنس ٹیم نے کلیان اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر واقع اوریجن اے سی ویٹنگ لاؤنج میں اچانک احتیاطی معائنہ کیا۔ اس دوران تفتیشی ٹیم یہ دیکھ کر دنگ رہ گئی کہ پبلک لاؤنج کے اندر مسافروں کی موجودگی میں کھانا پکانے کے لیے متعدد بھاری برقی آلات بے دھڑک استعمال کیے جا رہے تھے۔ قوانین کے تحت ریلوے اسٹیشن کے مسافر ہال اور ویٹنگ روم میں کھانا تیار کرنے پر سخت پابندی عائد ہے مگر یہاں ضابطوں کو بالائے طاق رکھ کر چکن فرینکی، فرینچ فرائز، پیزا، برگر اور چائے جیسی اشیاء بڑے پیمانے پر بنائی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران حکام نے موقع سے دو الیکٹرک توے، ایک سینڈوچ گرلر، انڈکشن چولہا، اوون اور ڈیپ فرائر سمیت کھانا پکانے کے تمام برقی آلات ضبط کر لیے۔تلاشی کے دوران لاؤنج سے ملنے والا خام مال دیکھ کر کارروائی کرنے والے افسران بھی تشویش میں مبتلا ہو گئے۔ ذخیرہ کیا گیا منجمد چکن، موموز، نوڈلس اور ریڈ چکن انتہائی بدبودار اور غیر صحت بخش حالت میں پایا گیا۔ ماہرین کے مطابق گندگی کے اس ماحول میں تیار کی جانے والی اشیاء کا استعمال مسافروں کی صحت کے لیے زہر قاتل ثابت ہو سکتا تھا اور فوڈ پوائزننگ کا سنگین خطرہ لاحق تھا۔چھاپہ کے دوران لاؤنج میں ایک ایسا وینڈر بھی خدمات انجام دیتا ہوا رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کے پاس نہ تو ریلوے کا کوئی شناختی کارڈ تھا اور نہ ہی کوئی لازمی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ۔