Inquilab Logo

پونے اور ناسک میں انگریزی سائن بورڈ کیخلاف ایم این ایس کا پُرتشدد احتجاج

Updated: December 02, 2023, 10:32 AM IST | Agency | Pune / Nashik

کئی مظاہرین گرفتار،جنگلی مہاراج روڈ پر ہوٹلوں اور دکانوں پر انگریزی نام کے بورڈ میں توڑپھوڑ کی ، کئی دکانوں پر پتھراؤ کیا۔اسی طرح کالج روڈ اورگنگاپور روڈ کی دکانوں کے انگریزی سائن بورڈ پر بھی کالک پوت دی۔

MNS workers are protesting against the English signboard of a hotel in Nashik. Photo: INN
ناسک میں ایم این ایس کے کارکنان ایک ہوٹل کے انگریزی سائن بورڈ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

:سپریم کورٹ نےدکانوں ، ہوٹلوں اور شاپنگ مال وغیرہ پر سائن بورڈ مراٹھی کے جلی حروف میں لکھنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد ریاست میں شہری انتظامیہ نے ایسی دکانوں اور تجارتی اداروں پر کارروائی شروع کی لیکن مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس) ان دکانوں کو نشانہ بناناشروع کردیا ہے جن کے سائن بورڈ اب بھی انگریزی میں تحریر ہیں ۔پونے اور ناسک میں ایم این ایس کارکنوں نے ایسی دکانوں کے خلاف پرتشدد احتجاج کیا ۔ کئی سائن بورڈ کو توڑڈالا اور دکانوں پر پتھراؤ کیا ۔ اسی طرح انگریزی کےسائن بورڈ پر کالک بھی پوت دی۔ پونے میں پولیس نے ایم این ایس کے عہدیداراور کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
 لوک ستا کی خبر کے مطابق جمعہ کی صبح ایم این ایس پونے شہرکے صدر سائی ناتھ بابر کی قیادت میں جنگلی مہاراج روڈ پر ہوٹلوں اور دکانوں پر انگریزی سائن بورڈ کے خلاف پر تشدداحتجاج کیا گیا۔ دکانوں پرپتھراؤ کرکے انگریزی نام والے بورڈ توڑ دیئے ۔سائی ناتھ بابر نے کہا کہ گزشتہ کئی برس سے ایم این ایس راج ٹھاکرے کے حکم کے مطابق دکانوں اور ہوٹلوں پر انگریزی نام والے بورڈ کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ عدالت نے ہمارے موقف کو بھی نوٹ کیا ہے۔ ریاست میں دکانوں اور ہوٹلوں پر مراٹھی بورڈ لگانے کیلئے سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعدہم نے احتجاج کیا ہے۔ یہ تحریک کا آغاز ہے ۔ انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ مستقبل میں اس تعلق سے مزید شدت سے احتجاج کیا جائے گا۔پولیس نے ایم این ایس پونے شہر کے صدرسائی ناتھ بابر کو حراست میں لے لیا ہے۔ جنگلی مہاراج روڈ پر دکانوں میں توڑ پھوڑ کرنے والے ایم این ایس کے کارکنوں کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیاگیا ہے۔
 قبل ازیں ناسک میں کالج روڈ اور گنگا پور روڈ کے علاقوں میں انگریزی سائن بورڈپرایم این ایس کارکنوں نے کالک پوت دی۔’سکال‘ کی خبر کے مطابق ٹھکر بازار میں کورئیر کمپنی کا انگریزی بورڈ توڑ دیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے نعرے بھی لگائے گئے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انگریزی کے ساتھ مراٹھی بورڈ لگانے کیلئے ۲۵؍نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جس کے ختم ہونے کے بعد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس میں مزید ۲؍ دن کی توسیع کی گئی۔بدھ کو مراٹھی میں سائن بورڈ لگانے کی توسیع شدہ مدت بھی ختم ہوگئی جس کے بعد ایم این ایس کارکنوں نے گزشتہ روز کالج روڈ پر واقع ڈان باسکو اسکول کے سامنے احتجاج کیا۔ اس علاقے میں بڑی تعداد میں دکانیں ہیں ۔جن دکانوں پر مراٹھی کے جلی حروف میں سائن بورڈ نہیں ہیں ، وہاں انہوں نے سائن بورڈپر کالک پوت دی۔اس احتجاج میں ایم این ایس کے کئی عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK