Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسم کی تبدیلی سے شہرومضافات میں وائرل انفیکشن پھیلا

Updated: June 26, 2024, 9:45 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بخار ،سردی اور بدن درد کی شکایتیں، دواخانوں میں مریضوں کی بھیڑ، ڈاکٹر بھی وائرل فیور کا شکار۔

People infected with viral infections in a pharmacy. Photo: Inquilab
ایک دواخانے میں وائرل انفیکشن سے متاثرہ افراد۔ تصویر: انقلاب

 شدید گرمی اور بارش کی وجہ سے شہرو مضافات میں موسم کی تبدیلی سے وائرل انفیکشن پھیل گیا  ہے جس سے بخار ، سردی اور بدن درد جیسی شکایتوں میںاضافہ ہوگیا ہے۔  دواخانوں پروائرل انفیکشن کا شکار افراد کی بھیڑ ہے۔  ڈاکٹر بھی وائرل فیور سے محفوظ نہیں ہیں اور وہ خود بھی اپنا علاج کر رہےہیں۔
 جنوبی ممبئی اور شہر ومضافات کے دیگر علاقوں میں ان دنوں وائرل انفیکشن پھیل گیا ہے جس کی وجہ سے ہر دوسرے گھر میں کوئی نہ کوئی شخص بخار ، سردی اور بدن درد کی شکایت میں مبتلا ہے۔ دواخانوں پر ایسےمریضوں کی بھیڑ نظر آرہی ہے۔  ڈاکٹروں کے مطابق وائرل انفیکشن کے مرض پر دوا سے ایک دو دنوں میں قابو پایا جا رہا ہے لیکن اس کے سبب کمزوری اور نقاہت کئی دنوں تک رہنے سے مریضوں کا برا حال ہے۔ 
 مورلینڈ روڈ پر واقع فاطمہ اپارٹمنٹ کے شیخ ابو برکات نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’ عید الاضحی کے تیسرے دن اچانک سردی لگنے کا احساس ہوا ، کچھ دیر بعد بخار چڑھنے کے ساتھ بدن درد ہونے لگا۔ تیز بخار کی وجہ سے ڈاکٹر سے دوالی، دوا کی پہلی خوراک لینے کے چند گھنٹوں بعد بخار تو کم ہوگیا لیکن کمزوری سے اُٹھنے بیٹھنے کاجی نہیں چاہ رہا تھا ۔ دوسرے دن خون کی جانچ بھی کروائی، رپورٹ میں ملیریا وغیرہ نہیں آیا۔ دوبارہ بخار بھی نہیں آیا  لیکن اب بھی کمزوری برقرار ہے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’میرے علاوہ اطراف کے گلی محلوں میں بھی کافی لوگ وائرل انفیکشن کا شکارہیں ۔‘‘
 مدنپورہ حسینی باغ کے ڈاکٹر یونس سمرا نے انقلاب کو بتایا ’’موسم کی تبدیلی اور ان دنوں بیرون ِ  ریاست سے ممبئی لوٹنے والے افرادوائرل انفیکشن  سے زیادہ متاثر ہیں کیونکہ ان کے آبائی وطن اور ممبئی  کے موسم میں کافی فرق ہے۔ بخار ، سردی اور بدن درد کی شکایت کافی بڑھ گئی ہے ۔ ہر گلی محلے میں بخار ، سردی اور بدن درد سے متاثرہ افرادپائے جارہے ہیں۔ کہیں گرمی تو کہیں بارش  جس سے اس طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بخار اور سردی کی شکایت ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔‘‘
 سیوڑی کے ڈاکٹرقیصر جمال کے مطابق ’’وائرل انفیکشن پورے شہر میں پھیلا ہوا ہے ۔ کئی گھروں  میں چھوٹے بچے سے لے کر عمررسیدہ افراد بخار ،سردی اور بدن در د کی شکایت میں مبتلا ہیں۔ گھر کے ایک فرد کو اگر بخار چڑھ رہا ہے تو اس سے دیگر افراد بھی متاثر ہو رہے ہیں،  حالانکہ بخار  ایک دو دن میں ٹھیک ہو رہا ہے لیکن اس سے آنے والی کمزوری کئی دنوں تک نہیں جا رہی ہے جس سے مریض پریشان ہیں ۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ مجھے بھی عید الاضحی کے بعد وائرل فیور کی شکایت ہوئی تھی۔ ‘‘بھنڈی بازار کے ڈاکٹر عتیق عارفی کے بقول’’ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، ہر سال اس موسم میں وائرل انفیکشن کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK