Updated: August 16, 2026, 6:05 PM IST
| New York
ہند نژاد امریکی کاروباری شخصیت وشال گرگ، جو ۲۰۲۱ء میں ایک ہی زوم کال کے ذریعے ۹۰۰؍ سے زائد ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کے باعث عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنے تھے، اب خود فائنانس بیٹر ہوم ( Better Home Finance) کے سی ای او کے عہدے سے برطرف کر دیے گئے ہیں۔
وشال گرگ۔ تصویر:آئی این این
ہند نژاد امریکی کاروباری شخصیت وشال گرگ، جو ۲۰۲۱ء میں ایک ہی زوم کال کے ذریعے ۹۰۰؍ سے زائد ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کے باعث عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنے تھے، اب خود فائنانس بیٹر ہوم ( Better Home Finance) کے سی ای او کے عہدے سے برطرف کر دیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ وشال گرگ دسمبر ۲۰۲۱ء میں اس وقت عالمی خبروں میں آئے جب انہوں نے بیٹر ڈاٹ کام کے ۹۰۰؍ سے زیادہ ملازمین کو ایک زوم ویڈیو کال کے ذریعے ملازمت سے فارغ کرنے کا اعلان کیا۔ یہ واقعہ چھٹیوں کے موسم سے عین قبل پیش آیا تھا، جس پر کمپنی کے ملازمین اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ اس واقعہ نے گرگ کے انتظامی انداز اور کارپوریٹ قیادت پر بڑے سوالات اٹھائے۔ بعد میں وہ کچھ عرصے کے لیے کمپنی سے دور بھی ہوئے، تاہم بالآخر دوبارہ سی ای او کے عہدے پر واپس آگئے۔
یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو ’وِمل الائچی‘ اشتہار پر ایف ڈی اے کا شوکاز نوٹس
تازہ رپورٹ کے مطابق گرگ کو ۳؍اگست ۲۰۲۶ء کوفائنانس بیٹر ہوم کے سی ای او کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ان کی جگہ ڈینیل لیوس کو قیادت سونپی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لیوس حال ہی میں کمپنی کے بورڈ میں شامل ہوئے تھے اور صرف ایک ہفتے کے اندر بورڈ کی حمایت حاصل کرکے گرگ کی جگہ سی ای او بن گئے۔ گرگ نے اپنی برطرفی پر الزام لگایا ہے کہ انہیں ’ہوڈ ونکڈ‘ یعنی چالاکی سے عہدے سے ہٹایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یقین تھا کہ کمپنی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور وہ کامیابی کے ایک اہم مرحلے کے قریب پہنچ چکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق گرگ نے اپنی واپسی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ وہ کمپنی کے لیے سالانہ صرف ایک ڈالر میں بھی کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ کمپنی کی حکمت عملی اور مستقبل کے بارے میں ان کا وژن اب بھی مضبوط ہے۔ گرگ کی قیادت کے آخری دور میں کمپنی کو کاروباری دباؤ اور مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ۲۱۔۲۰۲۰ء کے دوران رہن (mortgage) کے کاروبار میں تیزی کے بعد بلند شرح سود اور بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات نے کمپنی کے لیے صورتحال مشکل بنا دی۔ حالیہ رپورٹس میں کمپنی کی فروخت میں بہت بڑی کمی اور اس کے اسٹاک کی قدر میں شدید گراوٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا کو ۹؍ وکٹ سے ہرا کر بنگلہ دیش نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی
وشال گرگ کا ۹۰۰؍ ملازمین کوزوم پر برطرف کرنے کا واقعہ کارپوریٹ دنیا کے سب سے زیادہ زیر بحث ماس لے آف واقعات میں شمار ہوتا ہے۔ عدالت سے متعلق دستاویزات کے مطابق یکم دسمبر۲۰۲۱ء کی اس کال میں ۹۰۰؍ سے زیادہ ملازمین کو برطرف کیا گیا تھا، جبکہ اس فیصلے اور ملازمین کو دی گئی وجوہات پر بعد میں تنازع بھی پیدا ہوا۔ دلچسپ پہلو یہ ہے کہ جس سی ای او نے چند منٹ کی ویڈیو کال میں سیکڑوں ملازمین کی نوکری ختم کی تھی، تقریباً پانچ سال بعد اب اسی سی ای او کو کمپنی کے بورڈ نے خود عہدے سے ہٹا دیا ہے۔