۲۶؍ اور۲۷؍ اگست کوکانگریس کی سینئرلیڈر پرینکا گاندھی یاترا میں شرکت کریں گی، اکھلیش یادو کا رواں ماہ کے اخیر ہفتے میں یاترا میں شامل ہونے کا اعلان، اس کے علاوہ ایم کے اسٹالن ،ہیمنت سورین نیز ہماچل پردیش اور تلنگانہ کےو زرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے
EPAPER
Updated: August 25, 2025, 10:53 AM IST | Agency | Patna
۲۶؍ اور۲۷؍ اگست کوکانگریس کی سینئرلیڈر پرینکا گاندھی یاترا میں شرکت کریں گی، اکھلیش یادو کا رواں ماہ کے اخیر ہفتے میں یاترا میں شامل ہونے کا اعلان، اس کے علاوہ ایم کے اسٹالن ،ہیمنت سورین نیز ہماچل پردیش اور تلنگانہ کےو زرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے
بہار میں کانگریس کی ووٹر ادھیکار یاترا اور بھی مضبوط ہونے والی ہے ۔ اس یاترا میں آئندہ دنوں کانگریس کی سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو بھی شرکت کرنے والے ہیں۔۲۶؍ اور۲۷؍ اگست کو پرینکا گاندھی بہار کا دورہ کریں گی اوراس دوران یاترا میں شامل ہوںگی جبکہ اکھلیش یادو نے اس ماہ کے اخیر ہفتے میںیاترا میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی بھی جلد یاترا میں شرکت متوقع ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’ چونکہ ووٹر ادھیکار یاترا `ووٹ چوری کے خلاف ایک تاریخی تحریک بن گئی ہے، جو نہ صرف بہار سے بلکہ پورے ہندوستان سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے اسلئے آنے والے ہفتے میں `انڈیا اتحاد اور کانگریس کے سرکردہ رہنما اس یاترا میں شامل ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مختلف اوقات میں یاترا میں شامل ہونے والے کئی لیڈروں کا شیڈول بھی شیئر کیا۔ وینوگوپال نے کہا’’پرینکا گاندھی۲۶؍ اگست کو،۲۷؍ اگست کو تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن،۲۹؍ اگست کو کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور۳۰؍اگست کو اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو شامل ہوں گے۔‘‘اس کے علاوہ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی بھی جلد ہی یاترا میں شرکت کریں گے۔
بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے ایس آئی آر اور ووٹر لسٹ معاملے پر کانگریس اور آر جے ڈی سمیت تقریباً سبھی اپوزیشن پارٹیاں ووٹر ادھیکار یاترا پر ہیں۔ ’ووٹ چور- گدّی چھوڑ‘ کے نعروں سے بہار کی فضا گونج رہی ہے۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو۱۷؍ اگست سے پورے بہار کے دورہ پر ہیں۔ ملک کے کئی بڑےلیڈر بھی اس یاترا میں شریک ہو رہے ہیں۔ اب اس یاترا میں کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی بھی شامل ہونے والی ہیں ۔ اس تعلق سے بہار کے عوام کافی پُرجوش ہیں اور ان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
پرینکا گاندھی آئندہ ۲۶؍ اور۲۷؍ اگست کو بہار کا دورہ کریں گی۔ پرینکا کے ووٹر ادھیکار یاترا میں شمولیت سے اس سفر کو کافی تقویت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپنے دو روزہ دورے میں پرینکا۲۶؍ اگست کو سوپول ضلع میں رہیں گی، اسی دن رات میں آرام کے بعد دوسرے دن وہ سیتامڑھی کا دورہ کریں گی۔ یہاں وہ جانکی مندر میں پوجا بھی کریں گی۔ ان دو دنوں میں پرینکا بہار کی نصف آبادی خواتین ووٹروں کو ریاستی حکومت کی خامیوں اور حقیقت سے روشناس کرانے کی کوشش کریں گی۔
غور طلب ہے کہ جس دن پرینکا گاندھی بہار کے دورہ پر رہیں گی، اسی دن ہرتالیکا تیج ورت ہے۔ بہار میں یہ ورت شادی شدہ خواتین پورے دن ’اُپواس‘ رکھ کر کرتی ہیں اور اپنے شوہر کی طویل عمری کی دعا مانگتی ہیں۔ اس لحاظ سے پرینکا گاندھی کی خواتین کے درمیان موجودگی کافی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔
پرینکا گاندھی جس جگہ دورہ کریں گی، وہ این ڈی اے کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ کانگریس اور اپوزیشن اتحاد کی کوشش ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں جس طرح شاہ آباد میں این ڈی اے کا صفایا کر دیا گیا، اسی طرح شمالی بہار میں بھی این ڈی اے کا صفایا ہو اور اس کے لیے خواتین ووٹروں کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے۔
اس دوران ایک پریس کانفرنس میں جب اکھلیش یادو سے پوچھا گیا کہ کیا وہ راہل گاندھی کی یاترا میں شامل ہوں گے تو انہوں نے کہا کہ یہ راہل گاندھی کی نہیں بلکہ انڈیا الائنس کی ووٹر ادھیکار یاترا ہے۔ وہ اس مہینے کے آخری ہفتے میں اس میں شامل ہوں گے۔اکھلیش یادو نے ایس پی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کئی مسائل پرگفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان محفوظ نہیںہیں۔انہوں نےاسکولوں کے انضمام کا بھی معاملہ اٹھایا اوربی جے پی پر تنقید کی۔