Inquilab Logo

’’مہاراشٹر میں ۵؍ مراحل میں ووٹنگ کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے؟‘‘

Updated: March 18, 2024, 9:48 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

این سی پی( ایس پی) کےر یاستی صدر جینت پاٹل کا الیکشن کمیشن سے سوال، پر کا ش امبیڈکر سےمتعلق بھی وضاحت۔

Jayant Patil speaking. . Photo: INN
جینت پاٹل خطاب کرتےہوئے۔ ۔ تصویر : آئی این این

’’جب دو مراحل میں پورے مہاراشٹر کا انتخاب ہو سکتا ہے تو پھر۵؍ مرحلے میں انتخاب کا فیصلہ کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا ہے؟ ‘‘یہ سوال این سی پی( شرد چندر پوار) کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کیا ہے۔ 
  اتوار کو جینت پاٹل نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’ الیکشن کمیشن کو اس کا جواب دینا چاہئے کہ وہ کس کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایک ایسی ریاست میں ۵؍ مرحلوں میں انتخابات کرانا چاہتا ہے جہاں محض۲؍ مرحلوں ہی میں پوری ریاست میں انتخابات ہوسکتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا، ’’ پورے ملک میں ۷؍ مرحلوں میں کرایا جانے والا الیکشن۴؍ سے۵؍ مرحلوں میں مکمل ہو سکتا تھا۔ خاص طور سے۴۸؍ سیٹوں والے مہاراشٹر میں ۵؍ مرحلوں کی قطعاً ضرورت نہیں تھی۔ الیکشن کمیشن کا یہ فیصلہ صاف طور سے کسی کو فائدہ پہنچانے والا محسوس ہوتا ہے۔ اب یہ کس کے فائدے کیلئے ہے، الیکشن کمیشن کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ ‘‘
  ایک سوال کے جواب میں  جینت پاٹل نے یہ بھی کہا کہ’’ پرکاش امبیڈکر سے متعلق ہمارے پاس کوئی پلان بی نہیں ہے۔ پرکاش امبیڈکر کوایم وی اے میں شامل کرنے سے متعلق اتحاد کی جماعتوں میں  کوئی اختلاف نہیں  ہے۔ ہمارا صرف ایک ہی پلان ہے کہ پرکاش امبیڈکر ہمارے ساتھ آئیں، ہماری ان سے اپیل ہےکہ وہ بھی ایم وی اے کے ساتھ آنے سے متعلق ایک ہی پلان پیش کریں۔ ‘‘
 جینت پاٹل نے یہ بھی کہا کہ’’ بی جے پی نے مہایوتی میں اپنی دو اتحادی پارٹیوں کو علاحدہ رکھتے ہوئے سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کر دیا ہے۔ ہم اتحاد کے تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔ جب متفقہ طور پر تمام پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم ہوجاتی ہے تو اس کے بعد ہی ہم اس کا اعلان کرتے ہیں۔ پرکاش امبیڈکر ایم وی اے کے ساتھ آئیں گے اور پھر ہم سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کا اعلان کریں گے۔ ملک کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے تمام ہم خیال جماعتوں کا ایک ساتھ آنا وقت کا تقاضا ہے اور اس تقاضے کو پورا کرنا ہم سب کا فریضہ ہے۔ ‘‘
 جینت پاٹل نے کہا کہ’’ بیڑ لوک سبھا حلقہ کی صورتحال پر جیوتی میٹے سے ہم نے صلاح و مشورہ کیا ہے۔ جلد ہی حتمی فیصلہ ظاہر کر دیا جائے گا۔ ہم سب کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسی لئے ہمارے فیصلے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ‘‘ اس موقع پر آل انڈیا پینتھر سینا کے قومی صدر دیپک کیدارنے مہاوکاس اگھاڑی کی حمایت کا اعلان کیا۔ جینت پاٹل نے ان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ’’ ایم وی اے کا قافلہ بڑھتا جا رہا ہے اور دیپک کیدار نے شرد پوار صاحب کے نظریات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایم وی اے کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جس کیلئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK