زاپوریزیا نیوکلیئرپلانٹ کے قریب حملے کی اطلاع، یہ پلانٹ یورپ کا سب سے بڑا جوہری توانائی مرکز ہے۔
EPAPER
Updated: August 04, 2025, 1:23 PM IST | Agency | Kyiv
زاپوریزیا نیوکلیئرپلانٹ کے قریب حملے کی اطلاع، یہ پلانٹ یورپ کا سب سے بڑا جوہری توانائی مرکز ہے۔
یوکرین کے زاپو ریزیا نیوکلیئر پاور پلانٹ (زیڈ این پی پی) کے قریب اس کے دستہ نے زوردار دھماکوں کی آواز سنی ہے اور ایک قریبی مقام سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا ہے۔ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اس کی اطلاع دی ہے۔ آئی اے ای اے کے بیان کے مطابق نیو کلیئر پاور پلانٹ کے ایک معاون سہولت مرکز (آگزیلری فیسیلٹی) پر حملہ ہوا ہے جو پلانٹ کی باہری سرحد سے تقریباً۱۲۰۰؍میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ آئی اے ای اے نے بتایا کہ دوپہر تک ان کی معائنہ ٹیم کو اس سمت سے اب بھی دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب زاپوریزیا نیوکلیئر پلانٹ سے متعلق پہلے سے ہی عالمی فکرمندی پائی جاتی ہے۔ ایجنسی نے حالات کی مسلسل نگرانی اور تحفظ کو یقینی بنانے کی بات کہی ہے۔ یہ پلانٹ یورپ کا سب سے بڑا جوہری توانائی مرکز ہے اور روس- یوکرین جنگ کی شروعات کے بعد سے یہ کئی مرتبہ حملوں اور خطروں کی زد میں آ چکا ہے۔ وہیں یوکرین کے ساتھ جاری جنگ کی چنگاری اب روس کے اندر زور پکڑنے لگی ہے۔ اس سے قبل سنیچر کویوکرین نے روس کی سرزمین پر کئی اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔ یوکرینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے کئی اہم ٹھکانوں پر ڈرون حملے کئے ہیں جن میں ریازان کی اہم تیل ریفائنری، وورونش علاقے کی آئل اسٹوریج یونٹ، ایک فوجی ایئر بیس اور ایک الیکٹرانک آلات بنانے والی فیکٹری شامل ہے۔ یوکرین کی ’یو ایس ایف‘ نے ٹیلی گرام پر جانکاری دی کہ ماسکو سے قریب۱۸۰؍ کلومیٹر دور واقع ریازان آئل ریفائنری پر حملہ کیا گیا۔