Inquilab Logo Happiest Places to Work

پانی کٹوتی کے دوران الیکٹرک پمپوں کے استعمال پر کارروائی کا انتباہ

Updated: May 18, 2026, 12:41 PM IST | Mumbai

الیکٹرک پمپ سے پانی کھینچنے والے شہریوں کیخلاف بی ایم سی مجرمانہ مقدمات سمیت سخت قانونی کارروائی کرےگی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

مہاراشٹر کے آبی ذخائر (جھیلوں ) میں پانی کی گرتی ہوئی سطح کے پیش نظر ممبئی میں احتیاطی طور پر ۱۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس دوران برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے سخت وارننگ دی ہے کہ الیکٹرک پمپوں کا استعمال کر کے پائپ لائن سے پانی کھینچنے والے شہریوں کے خلاف مجرمانہ مقدمات سمیت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن نے جمعہ سے ممبئی بھر میں احتیاطی تدابیر کے طور پر ۱۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی نافذ کر دی ہے۔ پانی کی یہ کٹوتی جھیلوں میں پانی کے گرتے ہوئے ذخیرے اور ’ایل نینو‘کے اثرات کے باعث معمول سے کم مانسون کی پیش گوئی کے مدنظر کی گئی ہے۔ 
بی ایم سی کے مطابق ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ساتوں جھیلوں میں قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ ۳؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار ۳۹۹؍ملین لیٹر تھا جو کہ۱۴؍لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۶۳؍ملین لیٹر کی سالانہ ضرورت کا محض ۲۳ء۵۲؍ فیصد ہے۔ ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹس) ابھیجیت بانگر نے گزشتہ روز کارپوریشن کے افسران کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ بار بار قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے پانی کے کنکشن کاٹ دئیے جائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سڈکو کے ماتحت تمام ریلوے اسٹیشنوں کو سینٹرل ریلوے کے سپرد کرنے کی منظوری

ابھیجیت بانگر نے بتایا کہ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے کی گئی تفتیش میں ایسے کئی معاملات سامنے آئے ہیں جہاں شہریوں نے اضافی پانی کھینچنے کے لئے پائپ لائنوں اور نلوں کے کنکشن پر براہِ راست الیکٹرک پمپ لگا رکھے ہیں، جس کے نتیجے میں دیگر علاقوں میں پانی کا پریشر کم ہو جاتا ہے اور وہاں پانی کی سپلائی متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیاں پانی کی تقسیم کے نظام (واٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم) پر اضافی دباؤ ڈالتی ہے اور پائپ لائنوں میں آلودہ پانی داخل ہونے کا خطرہ بھی بڑھا دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ غیر مجاز پمپوں کو ضبط کریں، جرمانہ عائد کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کریں۔ واضح رہے کہ ممبئی کو پانی کی بنیادی فراہمی ممبئی، تھانے اور ناسک اضلاع میں واقع تلسی، ویہار، بھاتسا، مودک ساگر، تانسا، اپر ویترنا اور مڈل ویترنا جھیلوں سے ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK