لاکھوں مسافروں کو راحت ملنے کی امید، نوی ممبئی کے اسٹیشنوں کی حالت سدھارنے کے لئے سینٹرل ریلوے اور سڈکو میں معاہدہ۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 12:55 PM IST | Mumbai
لاکھوں مسافروں کو راحت ملنے کی امید، نوی ممبئی کے اسٹیشنوں کی حالت سدھارنے کے لئے سینٹرل ریلوے اور سڈکو میں معاہدہ۔
نوی ممبئی کے ریلوے اسٹیشنوں کی خستہ حالی اور مسافروں کی مشکلات کو ختم کرنے کیلئے ایک بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سینٹرل ریلوے اور سڈکو کے درمیان برسوں سے جاری تال میل کے فقدان کو ختم کرتے ہوئے اب تمام اسٹیشنوں کو باضابطہ طور پر سینٹرل ریلوے کے سپرد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں رکنِ پارلیمان نریش مہسکے اور شیوسینا رہنماؤں کی موجودگی میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) ہیڈ کوارٹر میں ایک اہم میٹنگ ہوئی۔
اس میٹنگ میں ریلوے انتظامیہ نے اگلے ۶؍ ماہ کے اندر سڈکو کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام اسٹیشنوں کو اپنے ماتحت منتقل کرنے اور مانسون سے قبل کے کاموں کی ذمہ داری لینے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھئے: شدید گرمی سے سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ
اہم مسائل اور نریش مہسکے کی پہل
رکنِ پارلیمان نریش مہسکے کو عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی اسٹیشنوں کی بدحالی اور سفری سہولیات کی کمی کی مسلسل شکایات مل رہی تھیں۔ انہوں نے دہلی میں ریلوے ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگوں میں اس مسئلے کو بار بار اٹھایا۔ نریش مہسکے نے نشاندہی کی کہ واشی سے بیلا پور (۲۰۰۳ء) اور کھارگھر سے کھنڈیشور (۲۰۰۸ء) کے اسٹیشنوں کی دیکھ بھال کے معاہدے برسوں پہلے ختم ہو چکے ہیں۔ایرولی، ربالے، گھنسولی، کوپر کھیرانے،تربھے،بامنڈونگری، کھارکوپر اور کھارگھر جیسے اسٹیشنوں کے لئے آج تک دیکھ بھال کا کوئی معاہدہ ہی نہیں ہوا۔ان کی اس نشاندہی پر مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے سخت نوٹس لیا اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔
یہ بھی پڑھئے: عید قرباں کے لئے آج سے دیونار منڈی میں جانوروں کی آمد
نوی ممبئی کی ترقی اور مطالبات
میٹنگ میں ایم پی نریش مہسکے نے واضح کیا کہ نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ہائی وے کی توسیع جیسے بڑے منصوبوں کی وجہ سے ریلوے پر مسافروں کا دباؤ بہت بڑھ جائے گا۔ اسلئے انہوں نے مندرجہ ذیل مطالبات پیش کئے۔سڈکو کے تمام روٹس (مانخورد۔بیلاپور، تھانے۔تربھے، واشی۔نیرول اور نیرول۔ارن) فوری طور پر سینٹرل ریلوے کو منتقل کئے جائیں۔ ’امرت بھارت‘ اسکیم کے تحت اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش کی جائے اور بند ٹکٹ کھڑکیاں کھولی جائیں۔ربالے، دیگھا اور ایرولی میں سب ویز اور فٹ اوور بریج تعمیر کئے جائیں۔
یہ بھی پڑھئے: لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے عازمین کے قافلے سوئے حرم روانہ ہوتے رہتے ہیں
ریلوے انتظامیہ کی تحریری یقین دہانی
ریلوے حکام نے نریش مہسکے کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے اگلے ۶؍ ماہ میں منتقلی کا عمل پورا کرنے کا وعدہ کیا اور تحریری خط دینے پر رضامندی ظاہر کی کہ آنے والے ہفتے سے ہی پری مانسون اور روزمرہ کے کام شروع کر دئیے جائیں گے۔ نریش مہسکے نے اس تعاون پر وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کیا۔اس میٹنگ میں سڈکو کے جی ایم ڈی ڈاکٹر راجہ دیاندھی، سینٹرل ریلوے کے سینئر پرنسپل چیف انجینئر رجنیش ماتھر، چیف انجینئر نوین پاٹل اور نوی ممبئی شیوسینا کے ضلعی سربراہ دوارکاناتھ بھوئیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔