• Sat, 27 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ای ٹی معاملے میں ۳؍اکتوبر تک نظرثانی کی اپیل نہ کرنے پر ۴؍اکتوبر سے خاموش احتجاج کا انتباہ

Updated: September 26, 2025, 12:47 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

مہاراشٹر راجیہ مدھیہ ورتی شکشک سنگٹھنانے ریاستی حکومت سے سپریم کورٹ میں ریویو پٹیشن داخل کرنےکی درخواست کی۔ وکلاء کےہمراہ میٹنگ میں ۳۰؍تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران کی شرکت۔

Participants at the meeting of Maharashtra Rajya Madhya Vrat Shikshak Sangatha. Photo: INN
مہاراشٹر راجیہ مدھیہ ورتی شکشک سنگٹھنا کی میٹنگ کے شرکاء۔ تصویر: آئی این این

’ٹیچر ایلی جیبلیٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی ) سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر مہاراشٹر راجیہ مدھیہ ورتی شکشک سنگٹھنا کی بدھ کو ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیاہے کہ اگر ۳؍ اکتوبر تک ریاستی حکومت نے اس معاملہ میں سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل (ریویو پٹیشن ) داخل نہیں کی تو بصورت دیگر ۴؍ اکتوبر سے ریاست گیر سطح پر ضلع کلکٹر دفاتر کےباہر خاموش احتجاج کیا جائے گا ۔  واضح رہے کہ ٹی ای ٹی کے تعلق سے یکم ستمبر کو سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ جاری کیا ہےجس کے مطابق جن اساتذہ نے ٹی ای ٹی امتحان پاس نہیں کیا ہے ،انہیں ۲؍سال میں ٹی ای ٹی امتحان پاس کرنا ہے ، ناکام ہونے کی صورت میں انہیں اپنی ملازمت سے سبکدوش ہونا ہوگا ۔جس کی وجہ سے ان اساتذہ میں بےچینی پائی جا رہی ہے جنہوں نے یہ امتحان پاس نہیں کیا ہے ۔ مذکورہ ادارہ نے اس بارے میں وکلاء سے مشورہ کر کے حکومت سے ۳؍اکتوبر تک سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے  ۔اپیل نہ کرنے کی صورت میں ۴؍اکتوبر سے ریاست بھر کے ضلع کلکٹر دفاتر کے باہر خاموش احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔ 
 اس تعلق سے ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، ریاستی وزیر تعلیم دادابھُسے او رمحکمہ تعلیم کے اعلیٰ   افسران کو مکتوب بھی روانہ کیا گیا ہے جس میں ریویو پٹیشن داخل کرنے کی اپیل کرنےکے  ساتھ یہ انتباہ دیا گیا ہےکہ اگر ۳؍اکتوبر تک پٹیشن داخل نہیں کی گئی تو ۴؍اکتوبر سے احتجاج کیا جائےگا۔ 
 مہاراشٹر راجیہ مدھیہ ورتی شکشک سنگٹھنا کی میٹنگ میں اردو کی واحد تنظیم ’اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ ‘کے جنرل سیکریٹری ساجد نثاربھی موجود تھے ۔ اس موقع پر بامبے ہائی کورٹ کے سینئر وکیل سریش پوکڑے سے مذکورہ ادارہ  جس میں ۳۰؍ تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران شریک تھے، نے تفصیلی گفتگو کی تاکہ اس معاملہ کی قانونی باریکیوں کو سمجھنے کے بعد آگے کے لائحہ عمل سے متعلق فیصلہ کیا جاسکے ۔ 
 ساجد نثار نے انقلاب کو بتایا کہ ’’میٹنگ میں سپریم کورٹ کےفیصلہ کےتحت ٹی ای ٹی امتحان ۲؍سال میں پاس کرنے اور امتحان میں ناکام ہونے پر زبردستی  ریٹائرمنٹ دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بعدازیں حکومت سے اس ضمن میں ۳؍اکتوبر تک نظرثانی کی اپیل کرنے کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اگر حکومت ۳؍اکتوبر تک نظرثانی کی عرضداشت داخل نہیں کرتی ہے تو ۴؍اکتوبر سے ریاست گیر سطح پر خاموش احتجا ج کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔ میٹنگ کے بعد تمام اضلاع میں اساتذہ کی تنظیمیں احتجاج کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہیں ۔ آنے والے کچھ دنوں میں ہر ضلع میں اس تعلق سے میٹنگ ہو گی اور اساتذہ کو تحریک کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ متحد ہو کر عزم کے ساتھ تحریک چلانے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا ہے۔‘‘
 میٹنگ میں ممبئی سمیت ریاست  کےاساتذہ کی مختلف تنظیموں کے ریاستی صدور، جنرل سیکریٹریز اور نمائندوں نے شرکت کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK