Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایپسٹین معاملے میں بل گیٹس کا کردار واضح ہونے تک وارن بفیٹ گیٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ نہیں دیں گے

Updated: July 01, 2026, 4:04 PM IST | Washington

بفیٹ روایتی طور پر جون یا جولائی میں گیٹس فاؤنڈیشن کو ’برکشائر ہتھاوے‘ کے اربوں ڈالر کے شیئرز عطیہ کرتے رہے ہیں۔ لیکن اس سال انہوں نے گزشتہ ۲۰ برسوں میں پہلی بار گیٹس فاؤنڈیشن کو دیا جانے والا اپنا روایتی وسطِ سال کا عطیہ روک دیا ہے۔

Warren Buffett (left) and Bill Gates. Photo: X
بل گیٹس (دائیں) اور وارن بفیٹ۔ تصویر: ایکس

امریکی روزنامے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ (WSJ) کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی ارب پتی وارن بفیٹ نے گزشتہ ۲۰ برسوں میں پہلی بار گیٹس فاؤنڈیشن کو دیا جانے والا اپنا روایتی وسطِ سال کا عطیہ روک دیا ہے، کیونکہ وہ فاؤنڈیشن اور جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے درمیان تعلقات کے بارے میں جاری ایک اندرونی جائزے کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ ۹۵ سالہ بفیٹ رواں سال کے آخر میں، ممکنہ طور پر تھینکس گیونگ (Thanksgiving) پر اپنے سالانہ خط کے ساتھ اس بارے میں کوئی فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کے جیفری ایپسٹین کے ساتھ روابط سامنے آنے کے بعد فاؤنڈیشن تنازع میں گھِر گیا ہے۔ رواں سال کے اوائل میں عوامی کئے گئے دستاویزات اور ای میلز سے ایپسٹین اور گیٹس فاؤنڈیشن کے عملے کے درمیان رابطوں کا انکشاف ہوا تھا۔ فاؤنڈیشن نے ایپسٹین کے ساتھ اپنے روابط کی جانچ پڑتال کیلئے لاء فرم ’ولمر ہیل‘ (WilmerHale) کی خدمات حاصل کی ہیں اور اس کی رپورٹ اسی موسمِ گرما (جون تا اگست) میں متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کبھی دنیا کی مشہور ترین شخصیت رہ چکے بل گیٹس کو اب مائیکروسافٹ اپنے بورڈ میں نہیں رکھنا چاہتا: رپورٹ

بفیٹ روایتی طور پر ہر سال جون یا جولائی میں گیٹس فاؤنڈیشن کو اپنی رہنمائی میں چلنے والی ہولڈنگ کمپنی ’برکشائر ہتھاوے‘ (Berkshire Hathaway) کے اربوں ڈالر کے شیئرز عطیہ کرتے رہے ہیں۔ وہ تنظیم کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کے بعد ایک ”لائف ٹائم“ عطیہ کے عہد کے تحت یہ عطیات کرتے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، بفیٹ اور ان کے قریبی لوگ، گیٹس فاؤنڈیشن کے سی ای او مارک سوزمین سمیت دیگر لیڈران کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں تاکہ اس جائزے اور فاؤنڈیشن کے ایپسٹین کے ساتھ تعلقات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔

بفیٹ نے ۲۰۰۶ء سے ۲۰۲۵ء کے درمیان گیٹس فاؤنڈیشن کو تقریباً ۴۸ ارب ڈالر عطیہ کئے ہیں، جو عام طور پر برکشائر کے شیئرز کی سالانہ منتقلی کے ذریعے دیئے گئے۔ انہوں نے بل گیٹس اور میلنڈا فرینچ گیٹس کی طلاق کے بعد ۲۰۲۱ء میں فاؤنڈیشن کے ٹرسٹّی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بل گیٹس کا ایپسٹین تعلقات پر ’’گہرے افسوس‘‘ کا اظہار

بل گیٹس کے ساتھ بفیٹ کی دیرینہ دوستی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ایپسٹین کیس سے متعلق فائلیں جاری کئے جانے کے بعد سے ان کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔ مارچ میں ایک انٹرویو کے دوران بفیٹ نے کہا تھا کہ ایپسٹین فائلز کے عوامی کئے جانے کے بعد سے ان کی گیٹس سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور وہ اپنے سالانہ عطیے کا فیصلہ کرنے سے پہلے اس معاملے کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK