Inquilab Logo Happiest Places to Work

کبھی دنیا کی مشہور ترین شخصیت رہ چکے بل گیٹس کو اب مائیکروسافٹ اپنے بورڈ میں نہیں رکھنا چاہتا: رپورٹ

Updated: June 02, 2026, 3:11 PM IST | Washington

رپورٹ کے مطابق، مائیکروسافٹ نے مئی میں ہونے والے سی ای او سمٹ سے قبل گیٹس کی ٹیم کو مطلع کیا تھا کہ اگر وہ اس سال تقریب میں شرکت نہ کریں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔ گیٹس نے اوماہا میں ہونے والے برکشائر ہیتھ وے کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ فروری میں نئی دہلی میں منعقدہ ’اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ کے اہم ترین پروگرام سے بھی گیٹس کا نام ہٹا دیا گیا تھا۔

Bill Gates. Photo: X
بل گیٹس۔ تصویر: ایکس

ایپسٹین فائلز کے منظرِ عام پر آنے کے بعد بل گیٹس کی عوامی ساکھ شدید دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات ان کی کاروباری زندگی پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ کسی زمانے میں دنیا کی پسندیدہ اور مشہور ترین شخصیت کہلائے جانے والے گیٹس کو اب ان کی قائم کردہ کمپنی مائیکروسافٹ کی جانب سے اپنے اجلاسوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔ 

امریکی روزنامہ ’دی وال اسٹریٹ جرنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے منسلک دستاویزات میں مائکروسافٹ کے شریک بانی کا نام سامنے آنے کے بعد وہ مسلسل سرخیوں میں آگئے تھے اور ان پر کئی سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے، جس کے بعد انہیں کمپنی کے سالانہ ’سی ای او سمٹ‘ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، مائیکروسافٹ نے مئی میں ہونے والے سی ای او سمٹ سے قبل گیٹس کی ٹیم کو مطلع کیا تھا کہ اگر وہ اس سال تقریب میں شرکت نہ کریں تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایپسٹین فائلز کا اثر: بل گیٹس امیر ترین شخصیات کی فہرست میں ۱۵؍ ویں نمبر پرآگئے

واضح رہے کہ سالانہ سی ای او سمٹ روایتی طور پر بل گیٹس کی ذات سے منسوب رہا ہے۔ وہ اکثر واشنگٹن میں واقع اپنی رہائش گاہ پر شرکاء کیلئے عشائیے کی ميزبانی کرتے آئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ نے اس سال مختلف طریقہ کار اپنایا کیونکہ کمپنی کو خدشہ تھا کہ ایپسٹین فائلز تنازع کی وجہ سے بل گیٹس کے گرد موجود توجہ اس تقریب پر حاوی ہو سکتی ہے۔

مائیکروسافٹ کے ایک ترجمان نے دی وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ بل گیٹس کو اگلے سال کے سی ای او سمٹ میں شرکت کیلئے پہلے ہی مدعو کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”اگرچہ اس سال بات نہیں بن سکی، لیکن ہم اگلے سال سی ای او سمٹ میں شرکت کیلئے بل کو پہلے ہی دعوت نامہ بھیج چکے ہیں۔“ 

یہ بھی پڑھئے: ایپسٹین فائلز اور وبا کی سازش: بل گیٹس سے متعلق وائرل دعویٰ گمراہ کن

رپورٹ کے مطابق، بل گیٹس نے اوماہا میں ہونے والے برکشائر ہیتھ وے (Berkshire Hathaway) کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں یہ پہلا موقع ہے جب وہ اس اجتماع سے غائب رہے۔ اگرچہ ان پر باضابطہ طور پر کوئی پابندی نہیں تھی، لیکن رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے انہیں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ پیش رفت بل گیٹس اور برکشائر ہیتھ وے کے چیئرمین وارن بفیٹ کے درمیان سرد پڑتے تعلقات کی رپورٹوں کے درمیان سامنے آئی ہے۔ بفیٹ طویل عرصے تک ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘ کے حامی رہے تھے، وہ ۲۰۲۱ء تک اس کے ٹرسٹی کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے اور سالانہ بڑے پیمانے پر عطیات دیتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: یورپی یونین میں کیچپ اور مایونیز کے سنگل یوز ساشے پر پابندی، ۱۲؍ اگست سے نفاذ

رپورٹ کے مطابق، بفیٹ نے ۲۰۲۴ء میں جرنل کو بتایا تھا کہ ان کی وفات کے بعد گیٹس فاؤنڈیشن کو ان کے ترکے سے کوئی فنڈز نہیں دیئے جائیں گے۔ مارچ میں سی این بی سی (CNBC) کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران، بفیٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ ایپسٹین سے متعلق حالیہ دستاویزات سامنے آنے کے بعد سے ان کی بل گیٹس سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور وہ مستقبل میں عطیات دینے سے پہلے کسی بھی اضافی معلومات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید نوٹ کیا گیا کہ فروری میں نئی دہلی میں منعقدہ ’اے آئی امپیکٹ سمٹ‘ (AI Impact Summit) کے اہم ترین پروگرام سے بھی بل گیٹس کا نام ہٹا دیا گیا تھا۔ اگرچہ گیٹس نے ہندوستان کا سفر کیا تھا اور ان سے کلیدی خطاب کی توقع کی جا رہی تھی، لیکن منتظمین نے بعد میں اعلان کیا کہ وہ اس میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ توجہ ارد گرد کے تنازعات کے بجائے سمٹ کے اے آئی ایجنڈے پر ہی مرکوز رہنی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK