اشوتوش رام نارائن نیکھرا، جو دنیا میں اشوتوش راناکے نام سے جانے جاتے ہیں، ہندوستانی سنیما کے ان چند فنکاروں میں سے ہیں جنہوں نے ولن کے کردار کو محض ظلم و ستم کی علامت نہیں رہنے دیا، بلکہ اسے نفسیات، درد، شاعری اور فلسفے سے بھر دیا۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 12:48 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
اشوتوش رام نارائن نیکھرا، جو دنیا میں اشوتوش راناکے نام سے جانے جاتے ہیں، ہندوستانی سنیما کے ان چند فنکاروں میں سے ہیں جنہوں نے ولن کے کردار کو محض ظلم و ستم کی علامت نہیں رہنے دیا، بلکہ اسے نفسیات، درد، شاعری اور فلسفے سے بھر دیا۔
اشوتوش رام نارائن نیکھرا، جو دنیا میں اشوتوش راناکے نام سے جانے جاتے ہیں، ہندوستانی سنیما کے ان چند فنکاروں میں سے ہیں جنہوں نے ولن کے کردار کو محض ظلم و ستم کی علامت نہیں رہنے دیا، بلکہ اسے نفسیات، درد، شاعری اور فلسفے سے بھر دیا۔ وہ اداکار، شاعر، مصنف، ٹی وی میزبان اور گلوکار ہیں، جو ہندی کے ساتھ تیلگو، تمل، کنڑ اور مراٹھی فلموں میں بھی کام کرتے ہیں۔اشوتوش رانا ۱۰؍ نومبر ۱۹۶۷ء کو مدھیہ پردیش کے چھوٹے سے قصبے گادرواڑہ، ضلع نرسنگھ پور میں پیدا ہوئے۔بچپن گادرواڑہ ہی میں گزرا، جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بچپن سے ہی انہیں اداکاری کا شوق تھا۔ محلے کی رام لیلا میں وہ راون کا کردار ادا کرتے تھے۔ راون کا وہ رعب، وہ گرج دار آواز اور وہ شان، شاید وہیں سے ان کے اندر کے اداکار نے جنم لیا۔اداکاری کو سنجیدگی سے سیکھنے کے لیے انہوں نے نئی دہلی کے مشہورنیشنل اسکول آف ڈراما میں داخلہ لیا۔ وہاں انہوں نے اداکاری کی باریکیاں سیکھیں، آواز کی تربیت لی، اور تھیٹرکی سخت مشقوں سے گزرے۔ این ایس ڈی سے فارغ ہونے کے بعد۱۹۹۳ءمیں وہ ممبئی آ گئے، جہاں جدوجہد کا ایک طویل دور ان کا منتظر تھا۔
اشوتوش رانا نے اپنے کریئرکاآغاز ٹیلی ویژن سے کیا۔ مہیش بھٹ کے مشہور سیریل’’سوابھیمان‘ میں انہوں نے ’تیاگی‘ کا کردار ادا کیا، ایک ایسا کردار جو بظاہر سخت تھا مگر دل کا سچا اور وفادار تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’میں ہوں نا‘ میں شریا گھوشال کو موقع دینے کا فیصلہ آسان نہیں تھا: فرح خان
اس کے بعد انہوں نے فرض، سازش، کبھی کبھی، وارث جیسے سیریلوں میں کام کیا اور ’بازی کس کی‘جیسا ٹی وی شو ہوسٹ کیا۔ ٹیلی ویژن نے انہیں پہچان تو دی، مگر بڑی اسکرین کا خواب ابھی باقی تھا۔ فلموں میں ان کا سفر۱۹۹۶ءمیں ’آشانت‘ سے شروع ہوا، لیکن اصل پہچان۱۹۹۸ءمیں ملی۔’دشمن‘(۱۹۹۸ء‘)میں انہوں نے ایک سرد مہر، نفسیاتی قاتل گھوکول پانڈے کا کردار ادا کیا۔ یہ کردار اتنا خوفناک تھا کہ لوگ سینما ہال سے سہم کر نکلے۔اس فلم نے انہیں راتوں رات بالی ووڈ کے سب سے خطرناک ولن کے طور پر متعارف کرا دیا۔ اسی کردار پر انہیں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین ولن بھی ملا۔اگلے ہی سال ’سنگھرش‘(۱۹۹۹ء)میںانہوں نے لجا شنکر پانڈے کا کردار نبھایا، جس نےایک بار پھر انہیں بہترین ولن کا فلم فیئر ایوارڈ دلایا۔ یہ وہ دور تھا جب اشوتوش رانا کا نام سنتے ہی ناظرین کے ذہن میں خوف، سنسنی اور ایک گہری گرجتی آواز آ جاتی تھی۔ان کے مشہور منفی کرداروں میں راز، حاصل، قصور، گناہ، ایل او سی کارگل، اب کے برس جیسی فلمیں بھی شامل ہیں۔اشوتوش رانا کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ ایک ہی سانچے میںقید نہیں ہوئے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ ولن سے زیادہ ایک مکمل اداکار ہیں۔انہوں نے ’دھڑکن‘، ’ہم پنچھی ایک ڈال کے‘، ’کل یگ‘، ’بھائی‘، ’پیج‘، ’امن‘، ’دی واریر‘، ’سمر ۲۰۰۷ء‘ اور کئی فلموں میں مثبت، سنجیدہ اور جذباتی کردار بھی ادا کیے۔ جنوبی ہندوستان کی فلموں میں بھی انہوں نے اپنی مضبوط اداکاری کا لوہا منوایا۔ تیلگو فلم ’وِنکٹادری ایکسپریس‘، تمل اور کنڑا فلموں میں ان کے کرداروں کو بہت سراہا گیا۔ حالیہ برسوں میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی وہ چھائے رہے۔ ویب سیریز’چھورِیاں‘، ’دی گریٹ انڈین مرڈر‘، ’ارانک‘ اور دیگر پروجیکٹس میں ان کی اداکاری کو نئی نسل نے بھی بے حد پسند کیا۔ انہیں ایک فلم فیئر او ٹی ٹی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔