رکن اسمبلی امین پٹیل کا مقامی کارپوریٹروں کے ہمراہ میئرریتوتاوڑے سے مطالبہ ۔ مسئلہ حل نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ۔
امین پٹیل میئرریتوتاوڑے سے مسائل بتاتے ہوئے جبکہ کارپوریٹر بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
جنوبی ممبئی کے متعدد علاقوں خصوصاً ڈونگری، محمد علی روڈ اور اطراف کے علاقوں میں گزشتہ کئی ۳؍ مہینوں سے پانی کی شدید قلت ہے۔ محکمہ آب رسانی اور میونسپل افسران سے بارہا شکایت کے باوجود اس مسئلہ کو حل نہیں کیاجارہا ہے جس کے سبب رکن اسمبلی امین پٹیل کی قیادت میں کارپوریٹروں کے ایک وفد نے بدھ کو ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے سے ملاقات کی اور متعلقہ افسران کو ہدایت دے کر ا س مسئلہ کو فوری طو رپر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے انتباہ بھی دیا ہے کہ اگر مسئلہ حل نہیں کیا گیاتو متاثرہ مکینوں کےہمراہ سڑکوں پر اتر کرزبردست احتجاج کیاجائے گا۔
رکن اسمبلی امین پٹیل کی قیادت میں میئر سے ملاقات کرنے والے وفد میں اے ، بی اور ای وارڈ کمیٹی چیئرمین گیان راج نکم ،کارپوریٹر رخسانہ پاریکھ(وارڈ نمبر۲۲۴)، وقار خان (وارڈ نمبر: ۲۱۱) ، نسیمہ جاوید جنیجا( وارڈ نمبر ۲۱۳) اور راجےشری بھاتنکر(وارڈ نمبر ۲۱۶) شامل تھے۔
یہی معاملہ بدھ کو اے ، بی اور ای وارڈ کمیٹی کی میٹنگ میں کارپوریٹر نسیمہ جاوید جنیجا نے اٹھایا۔ انہوںنے بتایا کہ گزشتہ ۳؍ ماہ سے بھنڈار واڑہ ریزروائر سے کم پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ ۲۵؍ برس سے ۱۱۰؍ ایم ایل ڈی سپلائی طے پایا گیا تھا لیکن ۳؍ ماہ سے یہ محض ۹۲؍ ایم ایل ڈی سپلائی کیاجارہا ہے۔ حالانکہ آباد ی میں اضافہ کے اعتبار سے پانی سپلائی بڑھانا چاہئے تھا لیکن اسے کم کیاجارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سپلائی میں کمی کے سبب ڈونگری، محمد علی روڈ، پائیدھونی، ناگدیوی اسٹریٹ، ناگپاڑہ اور اطراف کے علاقوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس ضمن میں رکن اسمبلی امین پٹیل نے ممبئی کے میونسپل کمشنر ، ایڈیشنل کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران سے میٹنگ بھی کی لیکن اب تک مسئلہ حل نہیں کیاگیا ہے۔