• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ممبرا اور تھانے میں پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ‘‘

Updated: December 12, 2025, 10:48 AM IST | Iqbal Ansari | Nagpur

سرمائی اجلاس میں رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے کہا :مار پیٹ اور خون خرابے کی نوبت آسکتی ہے۔

Jitendra Awhad presenting the issues of Mumbra and Kalwa in the assembly session. Picture: INN
اسمبلی اجلاس میں جتیندر اوہاڑ ممبرا اور کلوا کے مسائل پیش کرتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
سرمائی اجلاس میں ضمنی بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے   رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے ممبرا اور تھانے میں پانی کی قلت کے سنگین مسئلہ کو اٹھایا۔  انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر اس مسئلہ کو ابھی حل نہیں کیا گیا تو آنے والے دنوں میں پانی کیلئے مار پیٹ اور خون خرابے کی نوبت آسکتی ہے۔ انہوںنے ممبرا میں ٹریفک کے شدیدمسائل کو بھی اجاگر کیا۔
  جتیند راوہاڑ نےبدھ کی شام  ایوان اسمبلی میں بتایاکہ ’’ ممبرا سمیت تھانے شہر میں پانی کی قلت کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ تھانے شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جہاں پر وافر مقدار میں پانی سپلائی کیا جاتا ہو۔ایک علاقے کو خوش کیا جاتا ہے تو دوسرا علاقہ ناراض ہو جاتا ہے۔پانی کی قلت کو دور کرنے پر اگر ابھی توجہ نہیں دی گئی تو آنے والے دنو ںمیں پانی کیلئے مارا ماری ہوگی اورشہری ایک دوسرے کا خون بہائیں  گے ۔پانی کی قلت غریبوں کی بستیوںہی میں نہیں بلکہ امیروں کے علاقوں میںبھی   ہو رہی ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ ’’ برسوں سے تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) پر جن کا اقتدار   ہے،  ان سے امید کی جارہی  ہے کہ وہ مزید پانی حاصل کرنے کیلئے ڈیم تعمیر کریں گے لیکن کسی  طرح کی اسکیم نہ بنانے کے سبب آج تھانے شہر میں پانی کی شدید قلت ہے۔ گھوڑ بندر روڈ پر ہر ہاؤسنگ سوسائٹی کو ہر ماہ ۱۰؍ تا ۱۲؍ لاکھ روپے پانی کے ٹینکر کا خرچ برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔اب اس کے پیچھے ٹینکر مافیاسرگرم ہے یا نہیں،  یہ جانچ کا معاملہ ہے۔‘‘
رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے کہاکہ’’ میرے اسمبلی حلقہ ممبرا او ر کلوا میں بھی پانی کی شدید قلت ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان نے ۲۰۰؍   کروڑ روپے کی اسکیم کا اعلان اور اسے نافذ بھی کیا لیکن ۱۵؍ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ اسکیم پوری ہوتی  نظر نہیں آرہی ہے۔پانی کی ٹنکی تعمیر نہیںکی جارہی ہے،اسمبلی میں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ اس اسکیم کو فوراً پورا کیاجائے گا لیکن اس یقین دہانی کا کوئی مطلب نہیں رہ گیا ہے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی کہا کہ’’ ممبرا  اور گھوڑ بندر روڈ کا ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ سروس روڈ غائب کئے جارہے ہیں اور ا یم ایم آر ڈی اے   ان پر  میٹرو اور مونو ریل کےستون تعمیر کررہے ہیں۔ یہ معاملہ ہائی کورٹ پہنچا جس پر عدالت نے افسران  پر اپنی برہمی کا اظہارکیا ۔ سال بھر میں گھوڑ بندر روڈ پر ٹریفک کے سبب  ۲۲؍افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ ‘‘
  جتیندر اوہاڑ نے کہا کہ’’ممبرا میں ہاکرس نے آدھے روڈ پر قبضہ کر لیا ہے ۔ مَیںنے  رکن اسمبلی ہونے کے ناطے متعدد مرتبہ شکایتیں کیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ اگر ہاکرس کو ترتیب وار بٹھا دیاجائے تو   ٹریفک کا یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK