ممبرا کے متل گراؤنڈ پر جاری تھانے ضلع کے ۲؍ روزہ اجتماع کے پہلے دن الگ الگ نشستوں میں خصوصی خطابات۔ آج اجتماعی نکاح کی مجلس بھی ہوگی
ممبرا میں تبلیغی جماعت کے اجتماع کے پہلے دن کا منظر۔ تصویر: انقلاب
یہاں متل گراؤنڈ پر تھانے ضلع کے ۲؍ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغاز اتوار کو فجر سے ہوا ۔ پہلے دن مولانا عبدالفتاح، مولانا محمد مصعب، مولانا ہارون، عبداللہ بھائی، اخلاق سر، مولانا عثمان اور عبدالعزیز بابا نے خطاب کیا۔
اتوار کو فجر بعد، ظہر بعد، عصر اور مغرب بعد بیانات کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران علماء کرام اور طلبہ کی الگ نشستیں رکھی گئیں تاکہ انہیں دعوت وتبلیغ کی محنت سے جوڑا جائے۔اجتماع کے پہلے دن بطور خاص اُمت محمدیہ کو اس کا سب سے اہم سبق اور خیر امت کے لقب کے حوالے سے اس کی ذمہ داری یاد دلائی گئی۔ شرکائے اجتماع کو یہ بتایا گیا کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر امت کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، وہ خود بھی عمل کرے اور دوسروں کی اصلاح کیلئے کوشاں رہے۔ اسی طرح معاشرے کی اصلاح، نوجوانوں کی اصلاح، گھر کا ماحول دینی بنانے، گھروں کے اندر دین زندہ کرنے، بہو بیٹیوں کو دین سے جوڑنے، بے دینی اور ارتداد سے بچانے ، معاملات، اخلاقیات اور ایمانیات کے شعبوں پر توجہ دلائی گئی۔ یہ بھی خاص طور پر سمجھایا گیا کہ اسباب کو اپنانا ہے مگر ہماری نگاہ اور یقین مسبب الاسباب یعنی باری تعالیٰ کی ذات پر ہو، وہی سب کچھ کرنے والا ہے۔
پیر( آج )کو بعد نمازِ مغرب آخری خطاب اور دعا پر اجتماع ختم ہوگا۔اجتماعی نکاح کی مجلس بھی ہوگی۔