Inquilab Logo

ہم ناانصافیوں کو عوام کے سامنے لانا چاہتے ہیں: راہل

Updated: February 27, 2024, 10:11 AM IST | Agency | Dholpur

کانگریس لیڈر نے راجستھان کے دھول پور میں بتایا کہ بھارت جوڑویاترا میں’نیائے‘ کا لفظ کیوں شامل کیاگیا ہے، یاترا سے قبل دھول پور میں بی جےپی کی بھی میٹنگ ہوئی۔

Rahul Gandhi, Priyanka Gandhi, former Rajasthan Chief Minister Ali Ashok Gehlot and others during the Bharat Jodo Naya Yatra. Photo: PTI
بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، راجستھان کے سابق وزیرا علیٰ  اشوک گہلوت اوردیگر۔ تصویر : پی ٹی آئی

لوک سبھا انتخابات سے عین قبل کانگریس اور بی جے پی ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیا ئے یاترا اتوار کو راجستھان کے دھول پور ضلع میں پہنچ گئی تھی ۔ اس سے قبل دھول پور میں بی جے پی کی جانب سے ایک جلسہ عام کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔ کانگریس میٹنگ میں راہل گاندھی کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈران بشمول پرینکا گاندھی، سابق سی ایم اشوک گہلوت، سابق ڈپٹی سی ایم سچن پائلٹ، ریاستی انچارج سکھ جندر سنگھ رندھاوا، اپوزیشن لیڈر تکارام جولی شامل تھے، جب کہ بی جے پی کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ  بھجن لال شرما اور مرکزی وزیرگجیندر سنگھ شیخاوت سمیت پارٹی کے کئی  لیڈر موجود تھے۔ دونوں ملاقاتوں میں ایک دوسرے پر شدید سیاسی الزامات اور جوابی الزامات لگائے گئے۔واضح رہے کہ بھارت جوڑونیائے یاترا اَب پانچ دن تک موقوف رہےگی کیونکہ راہل گاندھی دہلی میں کچھ میٹنگوں میں شریک ہوں گے اوراس کے بعد کیمبرج یونیورسٹی میں لیکچر کیلئےبھی جائیں گے۔
 ملک میں صنعت کاروں کی حکومت ہے : راہل 
 اتوار کی شام دھول پور کے منیا میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہم نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں ’نیائے‘ کا لفظ شامل کیا ہے کیونکہ ملک میں مختلف طریقوں سے ناانصافی ہو رہی ہے۔ مرکزی حکومت کو صنعت کاروں کی حکومت بتاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ سماجی اور معاشی ناانصافی کے ساتھ ساتھ ملک میں کسانوں، خواتین اور مزدوروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ غریب، کسان، مزدور، خواتین اور نوجوان مرکزی حکومت سے ناراض ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آسام سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو نیا ئے یاترا راجستھان کے دھول پور ضلع پہنچی ہے۔ راجستھان کے بعد بھارت چھوڑو نیا یاترا مدھیہ پردیش، گجرات اور مہاراشٹر پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہورہی نا انصافیوں کو وہ ملک کے عوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ ملک کے اندر چند لوگ ہی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کو ملک کی ترقی میں کوئی حصہ نہیں مل رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا اپنی آخری منزل تک پہنچے گی۔ خطاب کے آخر میں راہل گاندھی نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت ملک کے عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اور کسانوں کو اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنا پڑرہا ہے ۔ریلی سےسابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت،  کانگریس  کےریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا ا ور سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے بھی  خطاب کیا۔بھارت جوڑ و نیائے یاترا سے قبل دھول پو رمیںبی جےپی نے بھی ایک میٹنگ کا ا ہتمام کیا جس میںکئی مرکزی اور ریاستی لیڈروں نے شرکت کی۔
کانگریس صرف گاندھی خاندان چاہتی ہے :بھجن لال
 کانگریس کی میٹنگ سے پہلے دوپہر۱۲؍ بجے دھول پور کے باڑی نامی علاقے میں بی جے پی کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ  میں وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے کہا کہ کانگریس کو صرف ایک خاندان کی فکر ہے اور وہ ہے گاندھی خاندان۔ کانگریس کو ملک اور ریاست کے عوام کی کبھی فکر نہیں رہی۔ کانگریس قائدین کو بھی صرف اپنے بیٹوں کی فکر ہے۔ یہ اقرباپروری کانگریس کو ڈبو دے گی۔ مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ای آر سی پی اسکیم ایک ایسا پروجیکٹ ہے جو ریاست کے ۲۱؍ اضلاع کی شبیہ اور تقدیر بدل دے گا، لیکن کانگریس نے صرف اس پروجیکٹ کو روکے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ندیوں کو جوڑنا اٹل جی کا خواب تھا لیکن کام کرنے کے بجائے کانگریس لوٹ مار کرتی رہی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK