Updated: December 01, 2023, 3:23 PM IST
| Kolkata
مغربی بنگال میں ٹی ایم سی نے بی جے پی کے ۱۱؍ ایم ایل ایز کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے اور ان پر قومی ترانہ کی بے حرمتی کا الزام عائد کیا ہے۔ سینئر وزیر چندریما بھٹا چاریہ نے کہا کہ بی جے پی لیڈران نے قومی ترانہ کی بے حرمتی کی جس کیلئے ان کے خلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔ بی جے پی لیڈران نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔
مغربی بنگال میں بی جے پی کے ۱۱؍ ایم ایل ایز کے خلاف شکایت درج کی گئی ہےجن پر ہفتے کے آغاز میں اسمبلی کے احاطے میں دھرنے کے دوران قومی ترانہ کی بے حرمتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔اس ضمن میں پارلیمانی معاملات کے وزیر سوبھوندیب چٹرجی نے کہا کہ یہ شکایت ترنمول کانگریس قانون ساز پارٹی کی جانب سے درج کی گئی ہے۔ ۲۹؍ نومبر کو مغربی بنگال کے ساتھ مرکز کے امتیازی رویہ کے خلاف مظاہرے کو ختم کرنے سے پہلے ٹی ایم سی کی سربراہ ممتا بنرجی کی قیادت میں پارٹی کے قانون ساز امبیڈکر کے مجسمہ کے نیچے قومی ترانہ پڑھ رہے تھے۔ٹی ایم سی نے بی جے پی کے قانون سازوں پر ریاست مخالف نعرے لگانے اور بیل بجانے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ قومی ترانہ مشکل سے ان سے ۵۰؍ میٹر کی دوری پر گایا جا رہا تھا۔بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ایم سی کے ایم ایل ایز کم آواز میں قومی ترانہ گا رہے تھے جو ان کے احتجاجی مقام سے ناقابل سماعت تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں من گھڑت الزامات کے تحت پھنسایا جا رہا ہے۔
سینئر منسٹر چندریما بھٹا چاریہ نے کہا کہ بی جے پی لیڈران نے قومی ترانہ کی بے حرمتی کی ہے جس کیلئے ان کے خلاف کارروائی شروع کی جا رہی ہے۔اسمبلی کے اسپیکربیمن بندیوپادھیائےنے بھی بی جے پی لیڈران کے خلاف کارروائی کا اشارہ دیا ہے۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہیر اسٹریٹ پولیس اسٹیشن نے اس معاملے میں ۱۱؍ بی جے پی ایم ایل ایز کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔اس مبینہ معاملے کی ویڈیو تصاویر بھی پولیس کو دے دی گئی ہے۔
بی جے پی سینئر لیڈر اور ایم ایل اے شنکر گھوش نے کہا کہ انہیں محسوس نہیں ہواکہ قومی ترانہ گایا جا رہا تھا۔ٹی ایم سی کی قیادت اور بد عنوانی کے خلاف ہمارا احتجاج جاری تھا اور ہم امبیڈکر کے مجسمہ سے تھوڑی ہی دوری پر تھے۔اگر قومی ترانہ گایا بھی جا رہا تھا تو کافی کم آواز میں گایا جا رہا تھا ۔ کیوں؟
کیا وہ قومی ترانہ کی دھن بھول چکے ہیں۔ ہمیں ٹی ایم سی سے حب الوطنی سیکھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔واضح رہے کہ گھوش بھی ان بی جے پی ایم ایل ایز میں سے ایک ہیں جن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے اس معاملے کےتعلق سے ٹی ایم سی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انہیں من گھڑت الزامات میں پھنسانے اور لوگوں کی توجہ بھٹکانے کی کوشش کر رہی ہے۔ڈارجلنگ کے بی جے پی ایم ایل اے نیرج زمبا نے کہا کہ ہم نے کسی بھی قسم کا کوئی بھی ترانہ نہیں سناتھا۔ اس وقت ہمارا احتجاج جاری تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ جان بوجھ کر ہم پر الزامات عائد کئے گئے ہیں۔