شمرون ہیٹمائر (۸۵) اور رومین پاویل (۵۹) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد گڈاکیش موتی (۴؍ وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پیر کو ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک مقابلے میں زمبابوے نیشنل کرکٹ ٹیم کو ۱۰۷؍ رنز سے شکست دے دی۔
EPAPER
Updated: February 24, 2026, 12:01 PM IST | Mumbai
شمرون ہیٹمائر (۸۵) اور رومین پاویل (۵۹) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد گڈاکیش موتی (۴؍ وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پیر کو ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک مقابلے میں زمبابوے نیشنل کرکٹ ٹیم کو ۱۰۷؍ رنز سے شکست دے دی۔
شمرون ہیٹمائر (۸۵) اور رومین پاویل (۵۹) کی جارحانہ نصف سنچریوں کے بعد گڈاکیش موتی (۴؍ وکٹ) کی عمدہ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پیر کو ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک مقابلے میں زمبابوے نیشنل کرکٹ ٹیم کو ۱۰۷؍ رنز سے شکست دے دی۔
۲۵۵؍ رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی شروعات اچھی نہ رہی اور اس نے ۲۰؍ رنز تک تین وکٹیں گنوا دیں۔ تڈیواناشے مارومانی (۱۴)، برائن بینیٹ (۵) اور ریان برل (صفر) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیون میئرز اور کپتان سکندر رضا نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ ساتویں اوور میں گڈاکیش موتی نے ڈیون میئرز کو ۱۵؍ گیندوں پر ۲۸؍ رنز بنا کر بولڈ کر دیا۔ ۱۱؍ویں اوور میں موتی نے سکندر رضا کو بھی ۲۰؍ گیندوں پر ۲۷؍ رنز بنانے کے بعد پویلین بھیج دیا۔
ویسٹ انڈیز کی مؤثر بولنگ کے سامنے تاشنگا موسیکیوَا (صفر) اور گریم کریمر بھی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ زمبابوے کے چھ بلے باز دُہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکے۔ ۱۸؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر میتھیو فورڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے بریڈ ایونز کو آؤٹ کر کے زمبابوے کی پوری ٹیم کو۱۴۷؍ رنز پر سمیٹ دیا اور ویسٹ انڈیز کو ۱۰۷؍ رنز سے کامیابی دلائی۔ بریڈ ایونز نے۲۱؍ گیندوں پر دو چوکے اور پانچ چھکے لگا کر ۴۳؍ رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے چار، عقیل حسین نے تین جبکہ میتھیو فورڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جیسن ہولڈر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف چھ وکٹوں پر ۲۵۴؍ رنز بنا کر اس ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اسکور کھڑا کیا۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہ رہی اور ۵۴؍ رنز تک دو وکٹ گر گئیں۔ برینڈن کنگ (۹؍رن) اور کپتان شائی ہوپ (۱۴؍رن ) آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے:اولمپک میں مضبوط اورچمپئن ایتھلیٹ ناکام کیوں ہوجاتے ہیں؟
اس کے بعد شمرون ہیٹمائر اور روومین پاویل نے نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ جارحانہ انداز میں تیزی سے رنز بھی بنائے۔ دونوں نے تیسرے وکٹ کے لیے ۱۲۲؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ ۱۵؍ویں اوور میں گریم کریمر نے سنچری کی جانب بڑھتے ہیٹمائر کو آؤٹ کر کے یہ شراکت توڑی۔ ہیٹمائر نے ۳۴؍گیندوں پر سات چوکے اور سات چھکے لگا کر۸۵؍ رنز بنائے اور اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیز ترین نصف سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔
یہ بھی پڑھئے:مودی سرکار پر ہند-امریکہ معاہدہ کی شرائط میں تبدیلی کا دباؤ
۱۷؍ویں اوور میں بلیسنگ مزارابانی نے روومین پاویل کو آؤٹ کیا۔ پاویل نے ۳۵؍ گیندوں پر چار چوکے اور چار چھکے لگا کر ۵۹؍ رنز اسکور کیے۔ روماریو شیفرڈ نے ۱۰؍ گیندوں پر ۲۱؍ اور جیسن ہولڈر نے چار گیندوں پر ۱۳؍ رنز بنائے۔ شرفین ردرفورڈ نے ۱۳؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۱؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں چھ وکٹوں پر ۲۵۴؍ رنز بنائے، جو اس ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا اب تک کا سب سے بڑا اور تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگاراوا اور بلیسنگ مزارابانی نے دو، جبکہ بریڈ ایونز اور گریم کریمر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔