Inquilab Logo

ملائم سنگھ سپردِ آتش، سوگواروںکا سیلاب اُمڈ آیا

Updated: October 12, 2022, 10:17 AM IST | Jilani Khan | Lucknow

ایک لاکھ سے زائد افراد کی شرکت، ملک کے قدآور لیڈر بھی پہنچے، ’نیتاجی امر رہیں‘ کے نعروں کے بیچ کئی پارٹی کارکن پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے

Akhilesh Yadav with his father`s body in Saifai. Crowds of party workers and mourners can also be seen on this occasion. (Photo: PTI)
سیفئی میں اکھلیش یادو اپنے والد کی ارتھی کے ساتھ ۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں اور سوگواروں کی بھیڑ کو بھی دیکھا جاسکتاہے۔ ( تصویر: پی ٹی آئی)

دھرتی پتر‘اور نیتا جی کے نام سے مشہور ملائم سنگھ یادو کی  ان کے آبائی گائوں سیفئی میں منگل کو  سرکاری اعزاز اور گارڈ آف آنر کے ساتھ ہزاروں اشکبار آنکھوں کی موجودگی میں آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
  سیفئی میں ایس پی صدر اکھلیش یادو نے  اپنے خاندانی شمشان گھاٹ پر’ملائم سنگھ امر رہیں،  دھرتی پتر امر رہیں، نیتاجی امر رہیں‘ کے فلک شگاف نعروں کے درمیان ان کے جسد خاکی کو مکھیہ اگنی دی۔اس وقت ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے جبکہ بھیڑ میں موجود کئی پارٹی کارکن بھی پھوٹ پھوٹ کر روپڑے۔
 اپنے لیڈر کے آخری دیدار کیلئے سیفئی کے  میلہ گراؤنڈ میں عوام کا جم غفیر امڈپڑا تھا۔سروں کا سمندرسا نظر آرہا تھا، پیر رکھنے تک کی جگہ نہیں تھی۔ میلا گرائونڈ میں ان کے جسد خاکی کو آخری دیدار کیلئے رکھا گیا تھا۔آبائی گھر سے وہاں تک میت کو لانے میں ایک گھنٹہ سے زیادہ وقت لگ گیا جبکہ دوری محض ۵۰۰؍میٹر کے قریب ہے۔ جسد خاکی کو خصوصی رتھ سے لایا گیا جس پر خاندان کے تمام اہم لوگ موجود تھے۔ان میں اکھلیش کے علاوہ رام گوپال یادو، شیوپال یادو، دھرمیندر یادو، آدتیہ یادو  کے ساتھ ہی ساتھ تیجسوی یادو بھی  موجود تھے۔
  سیفئی پہنچنے والے عوام کے جم غفیر کا عالم یہ تھا کہ لوگ اپنے لیڈر کے آخری دیدار کیلئے پیڑوں پر چڑھ گئے جبکہ بہت سارے نوجوان پول پر بھی چڑھے نظر آئے۔ جذبات سے مغلوب ایس پی کارکنان اورملائم کو چاہنے والوں کی اس بھیڑ کو پرسکون اور قابو میں رہنے کیلئے بار بار اپیل کی جارہی تھی۔ ایک موقع پر اپیل  کرتے ہوئے  چھوٹے بھائی شیوپال اور بھتیجے دھرمیندر یادو خود ہی زارو قطار رونے لگے ۔قبل ازیں ہندو رسم و رواج کے مطابق اکھلیش یادو اور ڈمپل یادو نے ملائم سنگھ کے منہ میں گنگا جل ڈالا اور اس کے بعد اکھلیش  نے انہیں گنگا جل سے اشنان کرایا۔ اس دوران پنڈت منتر پڑھتا رہا۔ملائم کے اس آخری سفر میں پورا یادو خاندان  موجود تھا۔
 ملک کے درجنوں قدآور لیڈر ملائم کی آخری رسوم میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ ان میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ،لوک سبھا اسپیکر اوم برلا،این سی پی صدر شردپوار، رکن پارلیمنٹ سپریا سولے، وزیر اعلیٰ  اشوک گہلوت،وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، وزیرا علیٰ  چندرشیکھر رائو ، سابق وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو، یوپی کے نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو ،سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، کانگریس  لیڈرمود تیواری، ملکا رجن کھڑگے،صنعتکار سبرت رائے سہارا، انل امبانی، اداکار ابھیشیک بچن اور ایس پی کی راجیہ سبھا ممبر جیا بچن شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ورون گاندھی، جینت چودھری، راکیش ٹکیت ، بابا رام دیو ، پرفل پٹیل ،  اوم پرکاش راج بھر اور دیگر بھی موجود تھے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK