• Mon, 20 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’لاڈلی بہنوں‘کے اکائونٹ میں اگلی قسط کب آئے گی؟

Updated: December 06, 2024, 5:47 PM IST | Mumbai

جنوری میں مکر سنکرانتی کے تہوار کے وقت دسمبر اور جنوری دونوں ماہ کی رقم ایک ساتھ خواتین کے اکائونٹ میں جمع ہونے کاامکان، نئی اور پرانی عرضیوں کی جانچ بھی شروع ہوگی۔

The beloved sisters are waiting for the next installment to be deposited in the bank. Picture: INN
لاڈلی بہنیں بینک میں اگلی قسط جمع ہونے کا انتظار کر رہی ہیں۔ تصویر: آئی این این

ریاستی حکومت نے الیکشن سے قبل لاڈلی بہن اسکیم کا آناً فاناً میں نفاذ کیا اور خواتین کے اکائونٹ میں فوراً سے پیشتر ۱۵۰۰؍ روپے جمع کروانے شروع بھی کر دیئے ۔ اگست میں شروع ہونے والا یہ سلسلہ نومبر میں آکر رک گیا کیونکہ نومبر میں الیکشن  کے سبب ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔ اب الیکشن ہو چکے ہیں اور مہایوتی دوبارہ اقتدار میں آ چکی ہے اس لئے خواتین کے ذہنوں میں یہ سوال ہے کہ ان کے اکائونٹ میں ’لاڈلی بہن اسکیم‘ کی اگلی قسط  کب جمع کی جائے گی؟ 
 یاد رہے کہ الیکشن سے قبل اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا تھا کہ مہایوتی حکومت دوبارہ آئی تو لاڈلی بہن اسکیم کی رقم ۱۵۰۰؍ روپے سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے ماہانہ کر دی جائے گی۔ فی الحال اس بات  کے امکانات بہت کم ہیں کہ فوری طور پر مہایوتی حکومت اس رقم کو بڑھا دے لیکن خواتین کو فی الحال یہ فکر ستائے جا رہی ہے کہ ان کے اکائونٹ میں لاڈلی بہن اسکیم کی اگلی قسط کب آئے گی۔ منترالیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال نئی حکومت کی تشکیل کے بعد سرمائی اجلاس شروع ہوگا۔ مصروفیت کے سبب منترالیہ میں شاید اتنا کام نہ ہو سکے البتہ جنوری میں مکر سنکرانتی کے تہوار کے وقت دسمبر اور جنوری دونوں مہینوں کی قسط ایک ساتھ خواتین کے   اکائونٹ میں جمع ہو جائے گی۔ اس طرح خواتین کو گزشتہ مرتبہ کی طرح ۳؍ ہزار روپے ایک ساتھ ملیں گے۔ یاد رہے کہ لاڈلی بہن کی اسکیم کی آخری قسط بھی ۳؍ ہزار روپے ہی تھی جو دیوالی کے موقع پر جمع کروائی گئی تھی۔ 
عرضیوں کی دوبارہ جانچ ہوگی؟
 حکومت نے الیکشن سے قبل لاڈلی بہن اسکیم کیلئے درخواست جمع کروانے کی تاریخ  میں توسیع کرتے ہوئے آخری تاریخ کو ۳۱؍ اگست کے بجائے  ۱۵؍ اکتوبر کر دیا تھا۔ اس دوران لاکھو عرضیاں حکومت کے پاس جمع ہو چکی تھی لیکن انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجانے کے سبب ان عرضیوں پر غور نہیں کیا جا سکا تھا۔ اب جبکہ حکومت کے قیام کا عمل پورا ہونے کو ہے، ان عرضیوں کی جانچ ہوگی اور ان میں سے اسکیم کیلئے اہل خواتین کو بھی  اس اسکیم سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ حالانکہ بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جن خواتین کو اب تک لاڈلی بہن اسکیم کے تحت رقم مل رہی ہے ان کی عرضیوں کی بھی دوبارہ جانچ ہوگی کیونکہ الیکشن سے قبل درخواست دینے والی ہر خاتون کے اکائونٹ میں پیسے جمع کروائے گئے تھے۔ ان کی عرضیوں کی باریک بینی سے جانچ نہیں کی گئی تھی۔ اب دوبارہ اسے ان کی جانچ ہوگی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اتنا ضرور ہے کہ جو بھی خواتین اہل پائی جائیں گی ان کے اکائونٹ میں پیسے جمع ہوتے رہیں اور جیسا کہ حکومت کا وعدہ ہے اپریل کے بعد اس رقم ک ۱۵۰۰؍ سے بڑھا کر ۲۱۰۰؍ روپے کیا جا سکتا ہے۔ 
 عثمان آباد : لاکھوں خواتین اسکیم کی رقسم سے محروم
 اس دوران خبر ملی ہے کہ عثمان آباد ضلع میں تقریباً ۲؍ لاکھ خواتین کو اب تک لاڈلی بہن اسکیم  کی اکتوبر اور نومبر کی قسط نہیں ملی ہے۔  اطلاع کے مطابق عثمان آباد میں لاڈلی بہن اسکیم کیلئے  مجموعی طور پر ۴؍ لاکھ  ۳؍ ہزار خواتین کی عرضیاں منظور ہو گئی تھیں لیکن نومبر کے مہینے تک جن خواتین کے اکائونٹ میں پیسے جمع ہوئے ہیں ان کی تعداد ایک لاکھ ۷۶؍ ہزار بتائی جا رہی ہے۔ باقی ۲؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار خواتین کے اکائونٹ میںاگست اور ستمبر کے پیسے تو آئے ہیں لیکن اکتوبر اور نومبر کی رقم انہیں نہیں ملی ہیں۔  ان خواتین نے ضلع انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ ان کے اکائونٹ میں بقایا رقم جمع کی جائے۔ البتہ یہ رقم حکومت کے قیام  اورکابینہ کی تشکیل کے بعد ہی مل سکے گی۔ یاد رہے کہ ماہرین کا کہنا تھا کہ لاڈلی  بہن  اسکیم کے سبب حکومت کے پاس ملازمین کو تنخواہ دینے کیلئے بھی رقم نہیں بچے گی لیکن  یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مہایوتی کی ناقابل یقین جیت میں اس اسکیم کا بھی اہم کردار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK