Inquilab Logo

’’جب آپ ناک رگڑنے ماتوشری آیا کرتے تھے تو یہی شوسینا اصلی تھی ‘‘

Updated: April 12, 2024, 11:20 PM IST | Agency | Mumbai

امیت شاہ کے شیوسینااور این سی پی کو ’نقلی‘ کہنے پر دونوں پارٹیاں برہم، ادھو نےپوچھا’’ آپ کی پارٹی میںبی جے پی وا لے کتنے ہیں؟‘‘

Amit Shah and Uddhav Thackeray in Matushree, along with Devendra Fadnavis. Photo: INN
امیت شاہ اورادھو ٹھاکرے ماتوشری میں، ساتھ میں دیویندر فرنویس۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزیر داخلہ  امیت شاہ نے ایک روز قبل ناندیڑ میں اپنی تقریر کے دوران شیوسینا (ادھو) اور این سی پی (شرد) کو ’نقلی‘ کہا تھا جس پر شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت اور این سی پی (شرد) کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔  
یاد رہے کہ جمعرات  کو امیت شاہ ناندیڑ ضلع میں انتخابی تشہیر کے لئے آئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے  ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ مہا وکاس اگھاڑی میں نقلی شیوسینا  اور نقلی این سی پی کے علاوہ آدھی رہ گئی کانگریس ہے۔ ان تینوں کے ملنے سے جو اتحاد قائم  ہوا ہے وہ اس رکشا کی طرح ہے جس کا کوئی بھی پرزہ ایک دوسرے سے میل نہیں کھاتا۔‘‘ امیت شاہ کے اس بیان سے شیوسینا اور این سی پی دونوں ہی پارٹیوں میں ناراضگی ہے۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’  ہفتہ وصول کرنے والی پارٹی کے لیڈر مہاراشٹر آئے تھے۔ وہ بھی یہ کہہ کر گئے ہیں کہ شیوسینا نقلی پارٹی ہے۔ ‘‘ ادھو  نے سوال کیا ’’میں پوچھتا ہوں ان کی اپنی پارٹی میںبی جے پی والے کتنے ہیں؟ ‘‘ ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ ایک  پارٹی اور ایک شخص کی حکومت ملک میں آمریت کو جنم دے سکتی ہے اس لئے اسے ابھی سے دفن کر دیجئے۔ ‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ اس بار انڈیا اتحاد کو ۳۰۰؍ سے زائد سیٹیں حاصل ہوں گی اور اس کی حکومت قائم ہوگی۔ 
 شیوسینا  کے ترجمان سنجے رائوت نے امیت شاہ کے بیان پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا’’ یہی پارٹی جسے آپ نقلی کہہ رہے ہیں، اس کے سرابرہ کے پاس آپ ۲۰۱۹ء  میں ناک رگڑنے آئے تھے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ آپ ماتوشری پر ایک بار نہیں کئی بار آئے ہیں۔ اس وقت یہی پارٹی اصلی تھی۔ رائوت نے کہا ’’ اس سے قبل وزیراعظم یہاں آئے تھے  تو انہوں نے بھی ہمیں نقلی شیوسینا کہا تھا۔ کون اصلی پارٹی ہے اور کون نقلی اس کا فیصلہ امیت شاہ نہیں کر سکتے۔‘‘ شیوسینا ترجمان نے الزام لگایا کہ ’’ آپ کے پاس پیسہ ہے اور طاقت ہے آپ اسمبلی اسپیکر  اور الیکشن کمیشن کو ہاتھ میں لے کر اگر یہ فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کہ کون سی پارٹی اصلی ہے اور کون سی نقلی تو مہاراشٹر کے عوام اسے برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ 
  ان کے علاوہ این سی پی (شرد) کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے بھی امیت شاہ کے بیان پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نےکہا ’’ایک پارٹی کے ۲؍ ٹکڑے کرنے کے بعد ان میں سے ایک کو اصلی اور ایک کو نقلی قرار دینا مناسب نہیں ہے۔ ‘‘ جینت پاٹل کے مطابق ’’ جن لوگوں نے پارٹی کے ۲؍ ٹکڑے کئے انہیں اس بات کا حق نہیں ہے کہ وہ کسی پارٹی کو اصلی یا نقلی قرار دیں۔ اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔ عوام نے طے کرلیا ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے اور اس کا نتیجہ جلد ووٹنگ مشین میں نظر آئے گا۔‘‘  یاد رہے کہ امیت شاہ کی طرح وزیر اعظم مودی نے بھی گزشتہ دنوں مہاراشٹر آکر ا یک ریلی میں ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا کو ’نقلی شیوسینا‘ کہہ کر یاد کیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK