Inquilab Logo

’’منیش سیسودیا کیخلاف ثبوت کہاں ہیں؟‘‘

Updated: October 06, 2023, 8:45 AM IST | Agency | New Delhi

ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ کا ای ڈی سے سوال۔

Manish Sisodia. Photo. INN
منیش سیسودیا۔ تصویر:آئی این این

سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سیسودیا کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران تفتیشی ایجنسی ای ڈی سے کئی سخت سوالات پوچھے جن کے جواب ای ڈی کے پاس نہیں تھے۔ جسٹس کھنہ اور جسٹس بھٹی کی بنچ نے ای ڈی کو ثبوتوں کے معاملے میں سخت سست کہا۔ جسٹس کھنہ نے خاص طور پر پوچھا کہ ’’ منیش سیسودیا کے خلاف جس طرح کا کیس بنایا گیا ہے اس میں سب سے بڑی ضرورت انتہائی پختہ ثبوت کی ہو تی ہے جو ہمیں نظر نہیں آرہا ہے۔‘‘انہوں نے مزید پوچھا کہ سیسودیا کے خلاف ثبوت کہاں ہیں؟شراب گھوٹالے کی رقم منیش سیسودیا تک کیسے پہنچی ای ڈی اپنی تفتیش میں یہ بات  اب تک یہ بات ثابت نہیں کرسکی ہے۔ جسٹس بھٹی نے بھی کہا کہ اس معاملے کا پورا انحصار بزنس مین دنیش اروڑہ کے بیان پر ہے جوکہ خود اسی معاملے میں ایک ملزم  ہے اور سرکاری گواہ بن گیا  ہے۔ اس کے علاوہ ایجنسی اب تک یہ نہیں بتاسکی ہے کہ گھوٹالے کی رقم منیش سیسودیا تک کیسے پہنچی ؟ کیا’ منی ٹریل ‘ کیا گیا ؟ کیا یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ ۳۰؍ کروڑ یا ۱۰۰؍ کروڑ جس رقم کی بھی بات ہو رہی ہے وہ درخواست گزار تک کیسے پہنچا؟  
سپریم کورٹ نے کہا کہ ایجنسی کا پورا کیس اسی نقطے پر  مرکوز ہے کہ رشوت کی رقم منیش سیسودیا کوپہنچائی گئی۔ اس میں اگر ۳۰؍ کروڑ کی رقم پہنچی ہے تو ایجنسی کے پاس کوئی تو ثبوت ہونا چاہئے کہ وہ یہ بتاسکے کہ اس ذریعے سے یا اس طریقے سے رقم پہنچائی گئی ہے لیکن ہم ای ڈی کی پوری تفتیش اور اس کی پوری فائل پڑھ چکے ہیں مگر ہمیں ایک بھی پختہ اور قابل یقین ثبوت نہیں ملا ہے۔ کورٹ نے یہ بھی کہا کہ تفتیشی ایجنسی اس معاملے میں ’چین آف ایونٹس ‘کو پوری طرح سے پیش نہیں کرسکی ہے۔ یہ تبصرہ کرتے ہوئے بنچ نے معاملے کی سماعت اگلے ہفتہ تک ملتوی کردی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK