• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈپلی کیٹ ووٹروں کی ذمہ داری کون لے گا؟ سپکال کا سوال

Updated: November 05, 2025, 11:24 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مہاراشٹر کانگریس کے صدرنے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی حکومت کے دباؤ میں کام کررہا ہے.

Congress leaders can be seen at the Tilak Bhawan during the program held on Tuesday. Photo: INN
منگل کو منعقدہ پروگرام میں تلک بھون میںکانگریس لیڈران دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
 مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے ریاستی الیکشن کمیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر گڑبڑی کے باوجود الیکشن کا اعلان کرنا جمہوری ذمہ داری سے منہ موڑنے کے مترادف ہے۔ کمیشن نے یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے دامن جھاڑ لیا ہے کہ وہ ڈپلی کیٹ ووٹروں کے ناموں کے سامنے ایک ’اسٹار‘ کا نشان لگا دے گا، لیکن سوال یہ ہے کہ ان ناموں کو فہرست سے حذف کرکے ووٹر لسٹ کو صاف اور شفاف کیوں نہیں بنایا جاتا؟ اس کا جواب الیکشن کمیشن دینے سے قاصر ہے۔ کمیشن کا طرزِ عمل بتا رہا ہے کہ وہ حکومت کے دباؤ میں کام کر رہا ہے۔‘‘ ممبئی میں تلک بھون میں منگل کو ریاستی کانگریس کی صدارت میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں قانون ساز کونسل میں کانگریس کے لیڈر ستیج پاٹل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جنرل سیکریٹری اور رکنِ پارلیمنٹ رجنی تائی پاٹل، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سابق وزیر نسیم خان، سابق ریاستی صدر اور گوا کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، سابق وزیر کے سی پاڈوی، ایم ایل اے ڈاکٹر وِشواجیت کدم، ایم پی ڈاکٹر کلیان راؤ کالے، ایم پی رویندر چوہان، سینئر نائب صدر مظفر حسین، نائب صدر موہن جوشی اور تنظیم و انتظامی امور کے نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل سمیت دیگر لیڈر موجود تھے۔ 
اس میٹنگ میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال اور بلدیاتی اداروں کے مجوزہ انتخابات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ریاستی کانگریس کی انتخابی کمیٹی۱۲؍اور۱۳؍ نومبر کو اجلاس منعقد کرے گی جس میں امیدواروں کے نام طے کیے جائیں گے۔میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت ووٹ چوری کے ذریعے بنی ہے اور کانگریس مسلسل اس غیر قانونی عمل کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن سے آل پارٹی وفد نے ملاقات کرکے ووٹر لسٹ درست کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن کمیشن نے کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں صاف و شفاف انتخابات کرانا کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن وہ اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب عوام ہی ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے۔اس موقع پر کسانوں کے مقروض ہونے کی اذیت کو اجاگر کرنے والا ایک نغمہ بھی جاری کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK