ہندوستان اور کینیڈا کےدرمیان ۲۳۔۲۰۲۲ء میں ۸ء۱۶؍ ارب ڈالر کی مالیت کا کاروبار ہوا تھا، اس وقت ۳۰؍ سے زائد ہندوستانی کمپنیاں کینیڈا میں سرگرم ہیں۔
EPAPER
Updated: September 22, 2023, 12:50 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ہندوستان اور کینیڈا کےدرمیان ۲۳۔۲۰۲۲ء میں ۸ء۱۶؍ ارب ڈالر کی مالیت کا کاروبار ہوا تھا، اس وقت ۳۰؍ سے زائد ہندوستانی کمپنیاں کینیڈا میں سرگرم ہیں۔
کینیڈا اور ہندوستان کے تعلقات کشیدہ ہونے سے تجارتی اور کاروباری حلقے تشویش میں مبتلا ہیں ۔ دراصل بڑی تجارتی شراکت داری رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح کے تنازع سے کینیڈا میں کام کرنے والی ہندوستانی کمپنیوں کے لئے پریشانی کھڑی ہوسکتی ہے اور ان کے ذریعہ وہاں کی گئی بھاری بھرکم سرمایہ کاری پر اثر پڑسکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ہندوستانی کمپنیوں کے علاوہ کینیڈا کی معیشت کیلئے بھی تشویش ناک بات ہوگی ، کیونکہ ان ہندوستانی کمپنیوں سے ہزاروں کینیڈیائی شہری برسرروزگار ہیں ۔
اس ضمن میں’آج تک ڈاٹ اِن ‘کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے لئے ہندوستانی کمپنیوں کی کیا اہمیت ہے اور ان کمپنیوں کو وہاں پر کتنا بڑا انویسٹمنٹ ہے ، اس کی معلومات اعدادوشمار کے ساتھ اس سال مئی ۲۰۲۳ء میں ایک رپورٹ میں شیئر کی گئی تھی۔ ’’فرام انڈیا ٹو کینیڈا: اکنامک امپیکٹ اینڈ انگیجمنٹ‘‘ نامی اس رپورٹ کو کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے اس وقت جاری کی تھی جب مرکزی وزیر کامرس اورتجارت پیوش گوئل کینیڈا کے دورے پر تھے۔
سی آئی آئی کی اس رپورٹ میں اعدادوشمار کے ساتھ اس بات کونمایاں کیاگیا تھا کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال اور خلیجی ممالک کے ساتھ ساتھ کینیڈا جیسے ممالک کے لئے ہندوستان کتنا اہم ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کینیڈا کی معیشت میں ہندوستانی صلاحیتوں کا تعاون اور سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ اسکے ساتھ ہی اس میں کینیڈا میں ہندوستانی کاروبار کی بڑھتی موجودگی اور ایف ڈی آئی ، روزگار پیدا کرنے میں وہاں موجود ہندوستانی کمپنیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی تھی۔ فرام انڈیا ٹو کینیڈا: اکنامک امپیکٹ اینڈ انگیجمنٹ رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں ۳۰؍ ہندوستانی کمپنیاں موجود ہیں اور ان کے ذریعہ ملک میں کی گئی سرمایہ کاری کی بات کریں تو یہ ۴۰؍ ہزار ۴۴۶؍ کروڑ روپے ہے ۔ اتنا ہی نہیں دونوں ممالک کے درمیان اس تازہ تناؤ سے پہلے کاروباری تعلقات کے بارے میں ایک سروے رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وہاں موجودان ہندوستانی کمپنیوں میں سے ۸۵؍فیصد کمپنیوں نے مستقبل میں انوویشن کیلئے فنڈنگ میں اضافے کی امید جتائی ہے۔ کینیڈا میں جو ہندوستانی کمپنیاں اپنا کاروبار کررہی ہیں ان کے ذریعے وہاں پر تقریباً ۱۷؍ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا ہے۔ ان کمپنیوں کے ذریعہ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ خرچ بھی ۷۰۰؍ ملین کینیڈین ڈالر بتایا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کینیڈا میں ہندوستانی کاروبار بڑھ رہا ہے، جو کہ دونوں ممالک کی معیشت کیلئے بہتر ہے۔
ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان کاروبار آسان ہونے اور اچھے تعلقات ہونے کے سبب ہی ہندوستان نے وہاں پر بڑی سرمایہ کاری کی ہے۔ کینیڈین پینشن فنڈز نے بھی ہندوستان میں ۵۵؍ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہے ۔ ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کا کینیڈا میں بڑا کاروبار ہے۔ اسکے علاوہ سافٹ ویئر، قدرتی وسائل اور بینکنگ سیکٹر میں ہندوستانی کمپنیاں سرگرم ہیں ۔ ان میں وپرو اور انفوسس جیسی ٹاپ کمپنیاں شامل ہیں ۔ معلوم ہوکہ ۲۰۲۲ء میں ہندوستان کینیڈا کا دسواں بڑا تجارتی شراکت دار تھا۔ ۲۳۔۲۰۲۲ء میں ہندوستان نے کینیڈا کو ۴ء۱۰؍ ارب ڈالر کا سامان ایکسپورٹ کیا تھا۔ جبکہ کینیڈا نے ہندوستان نے ۲۳۔۲۰۲۲ء مکں ۴ء۰۵؍ ارب ڈالر کی اشیاء ایکسپورٹ کی تھیں ۔ دونوں کے مابین یہ دو طرفہ کاروبار ۲۲۔۲۰۲۱ء میں ۷؍ارب ڈالر تھا جو ۲۳۔۲۰۲۲ء میں بڑھ کر ۸ء۱۶؍ ارب ڈالر ہوگیا۔