مہم کے تیسرے مرحلے کے انعامات کی تقسیم اور نتائج فنڈز کی کمی سے گزشتہ ۹؍ ماہ سے تاخیر کاشکار ہیں۔
EPAPER
Updated: September 22, 2026, 4:03 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
مہم کے تیسرے مرحلے کے انعامات کی تقسیم اور نتائج فنڈز کی کمی سے گزشتہ ۹؍ ماہ سے تاخیر کاشکار ہیں۔
کیا فنڈز کی کمی سے ’’مکھیہ منتری ماجھی شالہ سندر شالہ‘‘ اسکیم بند ہو جائے گی؟ ۹؍مہینے گزر جانے کے باوجود تیسرے مرحلےکے انعامات کی تقسیم نہیں کی گئی ہے ۔ اس مہم میں مختلف سطحوں اور زمرے میں جیتنے والے اسکولوں کو ۷۲؍کروڑ ۲۲؍لاکھ روپے دئیے جانے تھے ،جو ابھی تک نہیں دیئے گئے ہیں۔ریاست کے تمام انتظامات اور میڈیم کے اسکولوں کیلئے ماجھی شالہ سندر شالہ مہم کا تیسرا مرحلہ ۳؍نومبر سے ۳۱؍دسمبر ۲۰۲۵ء تک نافذ کیا گیا تھا۔ مہم میں مختلف سطحوں اور زمروں میں جیتنے والے اسکولوں کو کل ۷۲؍ کروڑ ۲۲؍لاکھ روپے دیئے جانے تھے لیکن فنڈز کی کمی سے گزشتہ ۹؍ماہ سے مقابلے کے نتائج اور انعامات کی تقسیم نہیں ہو سکی ہے۔ فنڈز کی کمی سے یہ مہم خود ہی دم توڑ رہی ہے ۔تعلیمی معیار کے ساتھ صحت، صفائی، ماحولیات اور کھیلوں وغیرہ کے بارے میں ریاست کے طلبہ میں بیداری پیدا کرنے اور اسکولوں میں جسمانی سہولیات کو بڑھانے اور طلبہ کی ذہنی ترقی کو فروغ دینے کے لئے یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ اب تک اس مہم کے ۳؍ مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ جن میں سے صرف پہلا مرحلہ جنوری سے فروری ۲۰۲۴ء میں کامیابی کے ساتھ نافذ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ایم پی ایس سی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اورنگ آباد میں طلبہ سے تبادلہ خیال
دوسرا مرحلہ اگست سے ستمبر ۲۰۲۴ء تک نافذ کیا گیاتھا۔ اس مرحلے میں جیتنے والے اسکولوں کو انعامی رقم ملی ہے، لیکن ابھی تک انعامات تقسیم نہیں کئے گئے ہیں۔ اس کے بعد تیسرے مرحلے کا انعقاد کیاگیا ۔توقع تھی کہ فروری میں ریاستی سطح پر انعامات کی تقسیم کی تقریب منعقد کی جائے گی لیکن ابھی تک نتائج کا اعلان نہیں ہوسکاہے، انعامی رقم موصول نہیں ہوئی اور انعامات تقسیم نہیں ہوئے ہیں۔
فنڈز دستیاب ہوتے ہی انعام تقسیم کئے جائیں گے
محکمہ مالیات کے مطابق مذکورہ مہم کے تیسرے مرحلے کیلئے انعامات کی تقسیم میں تاخیر ہوئی یہ حقیقت ہے۔ ہماری تجویز ہے کہ اس مہم کو مستقل اسکیم میں تبدیل کیا جائے۔ متعلقہ مہم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نافذ کی گئی ہے۔ جیسے ہی فنڈز دستیاب ہوںگے ،انعامات کی تقسیم کی جائے گی۔اسکولی تعلیم کے وزیر دادابھُسے کے مطابق ’’جیسے ہی محکمہ خزانہ سے فنڈز دستیاب ہوں گے ہم فوری طور پر انعامات تقسیم کر یں گے ۔ یہ مہم طلبہ کی فکری نشوونما اور اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے بہت اہم اور ضروری ہے۔‘‘