• Wed, 17 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نہ ای ڈی سے ڈریں گے اور نہ مودی سے،ڈی ایم کے کا مرکز پر حملہ

Updated: August 18, 2025, 11:58 AM IST | Agency | Chennai

تمل ناڈو :منی لانڈرنگ معاملے میں ریاستی وزیرپیریاسامی اوران کے بیٹے کے گھر ای ڈی کا چھاپہ، چنئی پولیس نےای ڈی کے خلاف کیس درج کرلیا۔

A picture of the ED raiding the residence of State Minister Periyasamy. Photo: INN
ریاستی وزیرپیریاسامی کی رہائش گاہ پرای ڈی کی کارروائی کے وقت کی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 یہاں مبینہ منی لانڈرنگ معاملے میں  حکمراں  جماعت کے لیڈر اور ریاستی وزیر سامی اور ان کے بیٹے کے گھر ای ڈی کی چھاپہ مار کارروائی پر مرکزی ایجنسی اور ریاستی پولیس میں ٹھن گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق  تمل ناڈوکے  ایم ایل اے ہاسٹل پر چھاپہ مارنے پہنچے ای ڈی کے افسران کے خلاف چنئی پولیس نے کیس درج کر لیا ہے۔ حکمراں جماعت ڈی ایم کے  نے الزام لگایا کہ مودی حکومت  ووٹ چوری معاملے سے توجہ ہٹانے کیلئے  ایسا کر رہی ہے۔
 رپورٹ کے مطابق سنیچر کو چنئی پولیس نے ای ڈی افسران کی جانب سے ایم ایل اے ہاسٹل پر کی گئی چھاپہ ماری کے الزام میں نامعلوم افراد کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ ای ڈی نے  تمل ناڈو حکومت میں دیہی ترقی کے وزیر آئی پیریا سامی اور ان کے بیٹے آئی پی سنتھل کمار جو پلانی سے ایم ایل اے ہیں  کی جائیدادوں کے سلسلے میں یہ کارروائی کی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ  ان باپ بیٹے کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ چل رہا ہے۔  رپورٹ کے مطابق ای ڈی نے سنیچر کو  ایک ساتھ تین مقامات پر چھاپہ مارا۔ اس میں وزیر کے  ڈِنڈی گُل واقع گھر، ان کے بیٹے کا پلانی والا مکان اور ڈِنڈی گُل کے ہی شیواجی نگر میں واقع ان کی بیٹی اندرانی  کا گھر بھی شامل تھا۔ اس تلاشی سے پہلے ایم ایل اے کے اثر و رسوخ کو دیکھتے ہوئے تینوں علاقوں کو نیم فوجی دستوں نے صبح ہی سے گھیر لیا تھا، اس کے بعد ای ڈی ٹیم نے کئی گھنٹوں تک چھان بین کی۔قابلِ ذکر ہے کہ پَیریاسامی اور ان کے خاندان کے خلاف جس کیس کی تحقیقات ایجنسی کر رہی ہے، وہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے، اور عدالت اس پر۱۸؍ اگست کو سماعت کرے گی۔
ڈی ایم کے کا سخت ردِ عمل
 تمل ناڈو میں حکمراں ڈی ایم کے نے پَیریاسامی خاندان کے خلاف ہو رہی اس کارروائی کو لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے مبینہ ووٹ چوری معاملے سے توجہ ہٹانے کی سازش قرار دیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے مطابق ڈی ایم کے آرگنائزیشن سیکریٹری آر ایس بھارتی نے کہا کہ نہ تو پارٹی ای ڈی سے ڈرتی ہے اور نہ ہی مودی سے۔ پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ بی جے پی مرکزی ایجنسیوں کو انتخابی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ وہ مسلسل اپوزیشن جماعتوں پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگا کر ووٹ چوری کی سیاست کر رہی ہے۔ اس بیان میں بھارتی  نے یہ بھی کہا:الیکشن کمیشن کا استعمال کرتے ہوئے انتخابی دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے لیے بی جے پی بے نقاب ہو گئی ہے۔ ملک اس سے حیران ہے۔ غیر قانونی ووٹ چوری سے توجہ ہٹانے کے لیے ای ڈی پَیریاسامی سے متعلق املاک کی تلاشی لے رہا ہے۔‘‘
  قابلِ ذکر ہے کہ ای ڈی اور بی جے پی مخالف ریاستی حکومتوں کی کشمکش نئی نہیں ہے۔ مغربی بنگال حکومت بھی ای ڈی کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ ممتا  بنرجی کا الزام ہے کہ بی جے پی ،  ای ڈی کا استعمال اپنے ذاتی فائدے کیلئے کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK