• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجیت پوار کے قافلے کی گاڑی سے حادثے کا شکار ہونے والی خاتون فوت

Updated: November 26, 2025, 11:58 AM IST | ZA Khan | Beed

۳؍ روزقبل نائب وزیر اعلیٰ کے قافلے میں شامل گاڑی نے ایک اسکوٹر کو اڑا دیا تھا، شوہر اور بچے اب بھی زیر علاج۔

Ajit Pawar`s convoy vehicle. Photo: INN
اجیت پوار کے قافلے کی گاڑی۔ تصویر:آئی این این
گزشتہ دنوں بیڑ میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے قافلے میں شامل ایک گاڑی سے حادثے کا شکار ہونے والی ایک خاتون کی منگل کے روز موت ہو گئی۔ یاد رہے کہ خاتون کے ساتھ اس کا شوہر اور بچے بھی حادثے کا شکار ہوئے تھے جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ 
اطلاع کے مطابق گزشتہ ۲۲؍ نومبر کو   نومبر کو نائب وزیر اعلیٰ اور بیڑ کے نگراں وزیر اجیت پوار ضلع کے پرتور تعلقے سے اوسا کی جانب جا رہے تھے۔ ان کا قافلہ تیل گائوں سے گزرنے والے دھارور ہائی وے پر دھنکو اڈ پھاٹا کے قریب پہنچا تھا، کہ قافلے میں شامل فائربریگیڈ کی گاڑی نے قریب سے گزر رہی ایک اسکوٹر کو ٹکر مار دی تھی۔ اس اسکوٹر پر وشنور دامودر سودے (۳۵)   ان کی بیوی کسم سودے (۳۰) اور ۲؍ کمسن بیٹیاں راگنی(۹) اور اکشرا(۶) سوار تھے ۔فائر بریگیڈ گاڑی نے ان کی اسکوٹر کو اڑا دیا اور یہ چاروں اچھل کر سڑک پر گرے تھے۔ حالانکہ یہ گاڑی خود بھی پلٹ گئی تھی اور اس میں سوار افراد بھی زخمی ہوئے تھے۔ لیکن کسم سودے اور ان کے اہل خانہ شدید زخمی تھے۔انہیں فوراً قریب ہی دھرور کے دیہی اسپتال میں پہنچایا گیا لیکن ان کی حالت نازک تھی لہٰذا انہیں لاتور کے سہیادری اسپتال منتقل کیا گیا۔ چاروں کا علاج جاری تھا۔ ان میں کسم کی حالت پہلے نازک تھی۔ اطلاع کے مطابق ڈاکٹروں نے اپنی طرف سے حتی الامکان کوشش کی لیکن مسلسل ۳؍ دنوں تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا کسم سودے نے پیر کی دیر رات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔ ان کے جسدِ خاکی کو منگل کے روز دِندرُوڑ میں آبائی گاؤں لے جاکر سپردِ خاک کیا گیا۔ 
ان کے شوہر اور دونوں بیٹیوں کا علاج اب بھی چل رہا ہے۔یہ واقعہ ضلع میں شدید غم و غصے کا سبب بنا ہے اور مقامی سطح پر انصاف کے مطالبات بھی سامنے آرہے ہیں۔ صرف سودے خاندان ہی نہیں بلکہ علاقے کے سارے لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک بے گناہ خاتون کی موت ہوئی ہے اور ۳؍ بے قصور اسپتال میں ہیں۔ ان  لوگوںکو انصاف ملنا چاہئے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت اس بات کی مکمل جانچ کروائے اورجو لوگ اس معاملے میں خاطی ہیں انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK