Inquilab Logo

۹؍ ہزار مریضوں کو غزہ سے فوری انخلاء کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت

Updated: April 01, 2024, 6:02 PM IST | Gaza

غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے درمیان عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ جنگ زدہ علاقے میں ۹؍ ہزار ایسے مریض ہیں جنہیں فوری انخلاء کی ضرورت ہے تاکہ ان کا بہتر طریقے سے علاج کیا جاسکے۔ غزہ میں اب ۳۶؍ میں سے صرف ۱۰؍ اسپتال ہی فعال رہ گئے ہیں۔

The Israeli army has badly destroyed al-Shifa, the largest hospital in Gaza. Photo: X
اسرائیلی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفاء کو بری طرح تباہ کردیا ہے۔ تصویر: ایکس

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے کہا ہے کہ غزہ میں تقریباً ۹؍ ہزار مریضوں کو ہنگامی دیکھ بھال کیلئے جنگ والے علاقوں سے انخلا کی ضرورت ہے۔ جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں بمشکل ۱۰؍ اسپتال فعال ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے ایکس پر لکھا کہ ’’پورے غزہ میں صرف ۱۰؍ اسپتال کام کر رہے ہیں، اور ہزاروں مریض طبی دیکھ بھال سے محروم ہیں۔‘‘ ڈبلیو ایچ او کے مطابق جنگ سے پہلے غزہ میں ۳۶؍ اسپتال تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’’تقریباً ۹؍ ہزار مریضوں کو فوری طور پر طبی خدمات کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کی ضرورت ہے، جس میں کینسر کا علاج، بمباری سے زخمی ہونے، گردے کے ڈائیلاسز اور دیگر دائمی حالات شامل ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوجیوں نے الشفاء اسپتال چھوڑ دیا،۴۰۰؍ ہلاکتیں

اسرائیل غزہ پر مسلسل بمباری کر رہا ہے جس سے صحت کی کئی سہولیات کو نقصان پہنچا ہے۔پرتشدد زمینی لڑائی ہفتوں سے جاری ہے، بعض اوقات غزہ کے اسپتالوں کے ارد گرد بھی، جو ہزاروں لوگوں کو پناہ بھی فراہم کر رہے ہیں جو اپنے گھر بار کھو چکے ہیں یا لڑائی سے فرار ہو چکے ہیں۔ غزہ تقریباً مکمل ناکہ بندی کا شکار ہے، اور این جی اوز اور اقوام متحدہ اسرائیل پر الزام لگارہے ہیں کہ وہ ۴ء۲؍ ملین باشندوں کو درکار انسانی امداد کی ترسیل کو روک رہا ہے جو زیادہ تر علاقے کے جنوبی سرے پر رفح میں آباد ہیں۔
ٹیڈروس نے کہا کہ ’’رفح کے ذریعے اب تک ۳۴؍ سو مریضوں کو بیرون ملک ریفر کیا جا چکا ہے، جن میں ۲؍ ہزار ۱۹۸؍ زخمی اور ایک ہزار ۲۱۵؍ بیمار شامل ہیں۔ لیکن اس سے زیادہ مریضوں کو جنگ زدہ علاقوں سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اسرائیل پر زور دیتے ہیں کہ انخلاء کی منظوریوں میں تیزی لائیں تاکہ نازک مریضوں کا علاج کیا جا سکے۔ ہر لمحہ اہمیت رکھتا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK