شولاپور میں ’گھر کل یوجنا‘ کے تحت مکانات کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیر اعظم کے آنسو چھلک پڑے، لوگوں کو ۲۲؍ جنوری کو رام مندر کا جشن منانے کی تلقین۔
EPAPER
Updated: January 20, 2024, 12:01 PM IST | Agency | Sholapur
شولاپور میں ’گھر کل یوجنا‘ کے تحت مکانات کی چابیاں تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیر اعظم کے آنسو چھلک پڑے، لوگوں کو ۲۲؍ جنوری کو رام مندر کا جشن منانے کی تلقین۔
صرف ایک ہفتے کے اندر وزیر اعظم نریندر مودی نےجمعہ کو دوسری بار مہاراشٹر کا دورہ کیا۔ وہ شولاپور میں غیر منظم سیکٹر میں کام کرنے والے مزدوروں کو’ گھر کل یوجنا ‘کے تحت دیئے گئے مکانات کی چابیاں تقسیم کرنے آئے تھے۔ یاد رہے کہ یہ پروجیکٹ سابق رکن اسمبلی اور مقامی کمیونسٹ لیڈر نرسیا ایڈم کی جدوجہد اور مطالبے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ اس موقعہ پر وزیر اعظم نے نہ صرف مختلف کاموں کا حوالہ دے کر اپنی حکومت کی پیٹھ تھپتھپائی بلکہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں جوش وخروش کے ساتھ شامل ہونے کی بھی تلقین کی۔ وزیر اعظم نے کہا’’دہائیوں سے ٹاٹ میں رکھی رام کی مورتی کے درشن کا وقت چلا گیا۔ اب ایودھیا میں رام کا عالیشان مندر بن رہا ہے۔ یہ وقت ہمارے لئے بھکتی بھائو (جذبۂ بندگی) سے بھرا ہوا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’۲۲؍ جنوری کو تاریخی لمحہ آنے والا ہے۔ بھگوان رام اپنے عالیشان مندر میں براجمان ہونے والے ہیں۔ اس دن آپ لوگ ہر گھر میں ’رام جیوت‘ جلائیے۔ ‘‘ وزیر اعظم نے شولاپور اور وہاں کے لوگوں کی تعریف کی۔ ساتھ ہی مہاراشٹر کے عوام کی بھی ستائش کی۔ مودی نے کہا’’ابھی میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو سن رہا تھا، وہ کہہ رہے تھے کہ مودی کی وجہ سے مہاراشٹر کا وقار بلند ہوا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’یہ سننے میں اچھا لگتا ہے۔ لیڈران کو تو اور بھی اچھا لگتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ مہاراشٹر کا وقار بلند ہوا ہے یہاں کے عوام کی وجہ سے یہاں کی ترقی پسند حکومت کی وجہ سے۔ ‘‘
یاد رہے کہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس، اجیت پوار بھی موجود تھے۔ ساتھ ہی سی پی ایم کے سابق رکن اسمبلی نرسیا ایڈم نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں خود اپنی تعریف سے گریز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا’’مودی کی گارنٹی کا مطلب ہوتا ہے، گارنٹی پوری ہونے کی گارنٹی۔ آپ خواب دیکھئے اسے پورا کرنے میں ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔‘‘ انہوں نے زور دے کر کہا’’ہم عام آدمی کے چھوٹے موٹے خوابوں کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں تعاون دینے کا کام کر رہے ہیں۔ لوگوں کو بڑے خواب دیکھنے چاہئے۔ ہم اسے پورا کرنے میں بھی آپ کا ساتھ دیں گے۔‘‘ وزیر اعظم نے سابقہ حکومتوں پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ’’اس سے پہلے بھی عوام سے کئی طرح کے وعدے کئے گئے۔ کئی طرح کے نعرے لگائے گئے۔ ’غریبی ہٹائو‘ کا نعرہ دیا گیا لیکن غریبی ہٹائی نہیں گئی بلکہ پھر’ آدھی روٹی کھائیں گے ‘کا نعرہ دیا گیا۔ ‘‘ مودی نے کہا’’لیکن ہماری حکومت پوری طرح غریبوں کیلئے وقف ہے۔ ماضی میں خواتین کو بیت الخلاء اور مکانات کے معاملے میں ایک توہین آمیز زندگی گزارنی پڑ رہی تھی لیکن ہم نے صورتحال تبدیل کر دی ہے۔‘‘
وزیر اعظم کے آنسو چھلک پڑے
یاد رہے کہ یہ تقریب ’گھرکل یوجنا‘ کے تحت مزدوروں کیلئے تعمیر کئے گئےکی چابیاں تقسیم کرنے کیلئے منعقد کی گئی تھی۔یہ پروجیکٹ شولا پور کے ریگائوں میں بنایا گیا ہے۔ ۳۰؍ ہزار مکانات میں سے پہلے مرحلے میں ۱۵؍ ہزار مکانات کی چابیاں دی گئیں۔ بقیہ ۱۵؍ ہزار مکانات بعد میں دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے ہاتھوں ۵؍ مزدوروں کو علامتی طور پر چابیاں دی گئیں جنہیں ان مزدوروں کے نمائندوں کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔ وزیراعظم ان مکانات کا تذکرہ کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے اور فرط جذبات میں ان کے آنسو چھلک پڑے۔ انہوں نے کہا’’میں جب رے نگر کے مکانات میں دیکھ رہا تھا تو سوچ رہا تھا کہ اگر مجھے بھی بچپن میں رہنے کیلئے اس طرح کا مکان مل گیا ہوتا...... ‘‘ اتنا کہنے کے بعد ان کا گلا بھر آیا۔ ان کی زبان سے الفاظ نہیں نکل رہے تھے۔ جبکہ آنکھوں سے آنسو چھلک رہے تھے۔ وہ کچھ دیر کوئی بات نہیں کر پائے۔ لیکن تھوڑی دیر بعد وہ اپنے انداز میں تقریر کرنے لگے۔