• Wed, 24 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زینت شبرین ممبئی یوتھ کانگریس کی پہلی خاتون صدر منتخب

Updated: September 23, 2025, 10:07 AM IST | Agency | Mumbai

۲؍ امیدواروں  سے مقابلہ کرتے ہوئےسب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی کیلئے پُرعزم۔

Mumbai Youth Congress President Zeenat Shibreen. Photo: INN
ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین۔ تصویر: آئی این این

  ممبئی(اقبال انصاری): ممبئی یوتھ کانگریس کو زینت شبرین کی شکل میں پہلی خاتون صدر مل گئی ہے۔  ۹؍ امیدواروں کی دوڑ میں انہوں نے  سب سے زیادہ ۱۰ ہزار ۷۶ ؍ووٹ حاصل کرکے یہ کامیابی حاصل کی۔ا نہوں نے فہیم شیخ کو شکست دی ہے جس نے ۹؍ ہزار ۸۸۹؍ ووٹ حاصل کئے۔  اپنے انتخاب پرشکریہ کااظہار کرتے  ہوئے زینت  نے کہا کہ ’’ انڈین کانگریس نے مجھ جیسے ایک عام کارکن کو جس کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں  ہے، یہ پلیٹ فارم دیا ہے۔‘‘ انہوں  نے ممبئی یوتھ کانگریس کو اپنا پریوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ممبئی کے نوجوانوں کی آواز بننے کیلئے کام کریں گے۔‘‘ زینت شبرین جو زمانہ  طالب علمی سے ہی  سیاسی اور سماجی طورپر سرگرم رہی ہیں،  نے راہل گاندھی اور انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر  ادئے بھانو چب کی قیادت میں آئین اور ملک کی جمہورت کیلئے جدوجہد کرتے رہنے کے عزم کا اظہا رکیا ہے۔ واضح رہے کہ دیگر سیاسی تقرریوں  کے برخلاف  یوتھ کانگریس میں  عہدیداروں کا انتخاب   الیکشن کے نتیجے میں ہوتاہے۔ اسی اصول کے تحت ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر کیلئے ۱۶ ؍مئی سے ۱۷؍ جون کے درمیان  الیکشن ہوا اور  اتوار کو اس کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں سب سے زیادہ ووٹ  حاصل کرکے زینت شیرین نے کامیابی حاصل کی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ زینت شبرین،یوتھ کانگریس میں سرگرم رہتے ہوئے نوجوانوں کے مسائل پر آواز بلند کرنےمیں پیش پیش رہی ہیں۔ 

کون ہیں زینت شبرین؟
زینت شبرین جنہوں  نے بی کام (بینکنگ اینڈ فائنانس) کیا ہے کانگریس سے وابستگی سے قبل  سے ہی نوجوانوں اور جانوروں کی فلاح کیلئے کام کرتی رہی ہیں۔  ۴؍سال قبل وہ یوتھ کانگریس  سے منسلک ہوئیں۔  وہ گزشتہ کمیٹی میں ممبئی یوتھ کانگریس کی نائب صدر تھیں۔زینت شبرین پہلی خاتون ہیں  جو ممبئی یوتھ کانگریس کے صدر کے عہدہ کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔زینت کا تعلق آسام  کی راجدھانی گوہاٹی سے ہے، ۲۰۰۷ء  میں ان کا خاندان ممبئی منتقل ہوا ۔ والد اسٹاک مارکیٹ  میں کام کرتے  ہیں۔ خود زینت بھی اسٹاک مارکیٹ   کے کاروبار سے وابستہ  ہیں۔ انہوں  نے پونے کی سمبیاسس کالج سے  ۱۲؍ویں اور ممبئی میں گریجویشن کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK