خواتین کی اس قدر لمبی قطار لگ گئی کہ ٹریفک جام ہو گیا ، پولیس نے بلا اجازت بھیڑ جمع کرنے کا کیس بنا دیا۔
EPAPER
Updated: September 24, 2025, 3:47 PM IST | Agency | Satara
خواتین کی اس قدر لمبی قطار لگ گئی کہ ٹریفک جام ہو گیا ، پولیس نے بلا اجازت بھیڑ جمع کرنے کا کیس بنا دیا۔
اپنی دکان یا اسٹور کی سوشل میڈیا پر تشہیر عام بات ہے۔ بیشتر دکاندار صارفین کو پیش کش کرتے ہیں کہ آپ اسٹور کےچینل کو فالو کریں اور اسٹور پر آئیں تو انہیں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ستارا میں اسی طرح کی پیش کش کرنا ایک دکاندار کو مہنگا پڑ گیا جب اس کی دکان کے سامنے فالوورس کی بھیڑ لگ گئی اور ٹریفک جام ہو گیا ۔ پولیس نے بھیڑ اکٹھا کرنے کی پاداش میں اس کے خلاف معاملہ درج کر لیا۔
ستارا شہر میں زیورات کی ایک دکان پر صارفین کیلئے یہ اسکیم متعارف کروائی گئی کہ آپ سوشل میڈیا پر دکان کے پیج کو فالو کریں اور اپنے اکائونٹ پر شیئر کریں۔ اگر آپ کے اکائونٹ پر اسے ۵۰؍ لوگوں نے دیکھ لیا تو اسے لے کر دکان پر آئیں آپ کو ایک گرام سونے کی فارمنگ جیولری مفت دی جائے گی۔ یہ پیش کش خواتین کیلئے تھی۔ سوشل میڈیا پر یہ اشتہار وائرل ہو گیا اور ہزاروں خواتین نے اسے فالو کیا۔ اشتہار کے مطابق پہلے آنے والی ایک ہزار خواتین کو یہ تحفہ دیا جانے والا تھا۔ لہٰذا دیکھتے ہی دیکھتے دکان کے آگے بھیڑ لگ گئی۔ اس بھیڑ کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا۔ دکاندار کو اندازہ نہیں تھا کہ اسکیم کی وجہ سے اس قدر بھیڑ ہو جائے گی۔ پولیس کو جب اس ٹریفک جام کی وجہ معلوم ہوئی تو اس نے دکاندار کے خلاف ٹریفک میں رخنہ اندازی کا معاملہ درج کیا۔ دراصل دکاندار نے اس اسکیم کو نافذ کرنے سے پہلے پولیس کو اطلاع نہیں دی تھی۔ دکاندار کا کہنا ہے کہ اسے خود اندازہ نہیں تھا کہ خواتین کی اس قدر بھیڑ ہوگی۔