کوالیفائر میں بنگلہ دیش کو۳۔صفر سے ہرادیا،محمد ارباز نے ایک گول کیا۔
EPAPER
Updated: September 08, 2026, 12:45 PM IST | Agency | Tashkent
کوالیفائر میں بنگلہ دیش کو۳۔صفر سے ہرادیا،محمد ارباز نے ایک گول کیا۔
ہندوستان نے گروپ ’بی‘ کے اپنے آخری کوالیفائر میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو تین صفرسے شکست دے دی۔ تاشقند کے دوستلک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے چین میں ۲۰۲۷ء میں منعقدہ ہونے والے اے ایف سی انڈر ۔۲۰؍ ایشین کپ میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اس شاندار فتح میں ڈینی میتی لیشرام، وشال یادو اور محمد ارباز نے ہندوستان کےلئے گول کئے۔ اس جیت کے ساتھ ہی بلیو کولٹس (ہندوستانی ٹیم) نے ۲۰؍ سال کے طویل وقفے کے بعد اے ایف سی انڈر ۲۰؍ ایشین کپ کیلئے پہلی بار کوالیفائی کر لیا ہے۔
گروپ’ بی ‘میں ۳؍ میچوں کے بعد ہندوستان کے ۶؍ پوائنٹس ہیں اور ٹیم دوسرے مقام پر رہی۔ ڈینی نے ۲۵؍ویں منٹ میں ہندوستان کے لئے پہلا گول کیا۔ اس کے بعد وشال نے کھیل کے ایک گھنٹے کے دوران شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کیا اورٹیم کو ۲؍ گول کی برتری دلادی۔
یہ بھی پڑھئے:الکاراز پانچویں بار اور سبالینکا مسلسل چھٹے سال کوارٹر فائنل میں داخل
میچ کے دوران متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے محمد ارباز نے ۷۹؍ویں منٹ میں ایک زبردست شاٹ کے ساتھ ہندوستان کو تین صفرسے آگے کر دیا اور ٹیم کی جیت یقینی بنا دی۔ میدان میں آتے ہی ارباز نے کمال کر دکھایا۔ انہوں نے اپنے بائیں پیر سے زبردست شاٹ لگا کر گیند کو نیٹ کے بالائی حصے میں پہنچایا اور ہندوستان کو تین صفرکی برتری دلادی۔ اس کے بعد ہندوستان نے بنگلہ دیش پر اپنا دباؤ برقرار رکھا اور اے ایف سی انڈر ۲۰؍ ایشین کپ کوالیفیکیشن کی اپنی دعویداری کو یقینی بنانے کا مشن کامیابی سے پورا کیا۔