Inquilab Logo

آج چوتھا ٹی۔۲۰:ہندوستان کی نگاہیں سیریز جیتنے پرمرکوز

Updated: December 01, 2023, 11:04 AM IST | Inquilab News Network | Raipur

ٹیم انڈیا مقابلہ جیت کر سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرےگی جبکہ آسٹریلیائی ٹیم سیریز میں برابری حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائےگی۔

Indian players confer with the coach and support staff before the match in Raipur. Photo: PTI
ہندوستانی کھلاڑی رائے پور میں میچ سے قبل کوچ اور معاون اسٹاف کے ساتھ صلاح مشورہ کرتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم جمعہ کو یہاں کے شہید ویر نارائن سنگھ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹی۔۲۰؍ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز میں ناقابل تسخیر برتر ی حاصل کرنے کی کوشش کرےگی ۔دوسری جانب مہمان ٹیم بھی اس میچ کو جیت کر سیریز میں برقرار رہنا چاہےگی تاکہ سیریز کا فیصلہ آخری میچ میں آسکے۔ 
  مختصر فارمیٹ کے شانداربلے باز سوریہ کمار یادو کی قیادت میں کھیل رہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم نےآسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ کے فوراً بعد شروع ہونے والی اس سیریز کے پہلے ۲؍ میچ جیتے لیکن گوہاٹی میں تیسرے ٹی۔۲۰؍ میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اب ٹیم انڈیا کا مقصد سیریز جیتنا ہے جو رائے پور میں مکمل ہو سکتا ہے حالانکہ اس کےلئے گیندبازوں کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ٹیم انڈیا کے گیندبازوں کے لئے اچھی بات یہ ہوگی کہ اس میچ میں آسٹریلیا کے جارح بلے باز گلین میکسویل نہیں کھیلیں گے جو اسٹوئنس کے ساتھ وطن لو ٹ گئے ہیں۔
 میکسویل کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نوجوان گیندبازآخری اووروں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ تیسرے میچ میں ٹیم انڈیا کے گیند باز آسٹریلیا کو آخری ۲؍ اوور میں ۴۳؍رن بنانے سے نہ روک سکے اور آسٹریلیا نے۲۲۳؍رنوں کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میچ جیت لیا تھا۔
 دیپک چاہر کو موقع مل سکتا ہے
 ہندوستانی شائقین کو اپنے گیند بازوں سے توقعات ہیں جو اب تک سیریز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے ہیں ۔چوتھے میچ میں دیپک چاہر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور وہ نئی گیند کے ساتھ کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں ۔ دیتھ اوورز کے ماہر مکیش کمار بھی ایک میچ کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں ۔ پرسدھ کرشنا اور آویز خان نے تنوع اور جدت کا فقدان دکھایا ہے۔ دونوں نے ۱۳۰؍ یا ۱۴۰؍ کلومیٹرکی رفتار سے گیند پھینکیں لیکن گیند کی لینتھ میں زیادہ تبدیلی نہ کر سکے اور یارکر بولنگ میں بھی ناکامی ہوئی۔
شریاس ایر کی ٹیم میں واپسی 
شائقین رائے پور ٹی ۔۲۰؍میں ایک اور اسٹار بلے باز شریاس ایر کی ٹیم میں واپسی دیکھے گے۔ – اس کا مطلب یہ ہے کہ تلک ورما کو باہر رہنا پڑ سکتا ہے کیونکہ یشسوی جیسوال، رتوراج گائیکواڑ، ایشان کشن، کپتان سوریہ کمار یادو اور فنشر رنکو سنگھ کا انتخاب یقینی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK