Inquilab Logo

سنسنی خیز میچ میں گجرات ٹائٹنس کی ممبئی پر فتح

Updated: March 25, 2024, 8:08 PM IST | Ahmedabad

سائی سدرشن۴۵؍ رن اورپھر آخری اوورس میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل) کے ۵؍ویں میچ میں اتوار کو ممبئی انڈینس کو ۶؍ رن سے شکست دے دی

IPL Match Image. Photo:INN
آئی پی ایل کے میچ کی تصویر۔ (آئی این این)

سائی سدرشن۴۵؍ رن اور کپتان شبھمن گل کی ۳۱؍ رن کی اننگز اورپھر آخری اوورس میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل)  کے ۵؍ویں میچ میں اتوار کو ممبئی انڈینس کو ۶؍ رن  سے شکست دے دی۔ 
۱۶۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں اوپنر ایشان کشن کا وکٹ گنوا دیا۔ وہ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔ عمر زئی نے انہیں ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ اس کے بعد تیسرے ہی اوور میں عمرزئی نے نمن دھیر۱۰؍ گیندوں پر۲۰؍ رن ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ممبئی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ تیسرا وکٹ کپتان روہت شرما کی صورت میں گرا، انہیں ۱۳؍ ویں اوور میں سائی کشور نے  ایل بی ڈبلیو کیا۔ روہت نے۲۹؍ گیندوں پر۷؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے۴۳؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ایک وقت جب روہت اور دیولڈ بیٹنگ کر رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ ممبئی آسانی سے میچ جیت لے گا  لیکن روہت اور دیولڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد ممبئی کی اننگز بکھر گئی  اور کوئی بھی بلے باز آخری اوورس میں رک کر بلے بازی نہ کرسکا۔ ڈیولڈ بریوس نے۳۸؍ گیندوں پر۲؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۶؍ رن بنائے۔ تلک ورما۱۹؍ گیندوں پر۲۵؍ رن، ٹم ڈیوڈ۱۱، کپتان ہاردک پانڈیا۱۱، جیرالڈ کوٹزی ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ممبئی کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۶۲؍ رن ہی بنا سکی اور ۶؍ رن سے میچ ہار گئی۔گجرات ٹائٹنس کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی، امیش یادو، اسپینسر جانسن اور موہت شرما نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ سائی کشور نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سائی سدرشن۴۵؍  اور کپتان شبھمن گل کی۳۱؍ رن کی اننگز کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے ممبئی انڈینس کو جیتکیلئے ۱۶۹؍ رن کا ہدف دیا۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے  آنے والی  ردھیمان ساہا اور کپتان شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۳۱؍ رن جوڑے۔ چوتھے اوور میں جسپریت بمراہ نے۱۹؍ رن پر ردھیمان ساہا کو آؤٹ کرکے گجرات ٹائٹنس کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ۸؍ ویں اوور میں گل کو پیوش چاؤلہ نے روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروادیا۔ گل نے۲۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ عظمت اللہ عمرزئی نے۱۱؍ گیندوں پر۱۷؍ رن  بنائے۔ ڈیوڈ ملر۱۲؍ اور راہل تیوتیا۱۵؍  گیندوں میں  ۲۲؍ رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سائی سدرشن نے ٹیم کیلئے  ۳؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے سب سے زیادہ۴۵؍ رن بنائے۔ وجے شنکر۶؍ اور راشد خان ۴؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں پر۱۶۸؍ رن  بنائے۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ جیرالڈ کوٹزی کو ۲؍ وکٹ ملے۔ پیوش چاؤلہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK