رتوراج کی قیادت میں ہندوستان کی کرکٹ ٹیم آج نیپال سے کوارٹر فائنل میں کھیلے گی۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بہترین موقع۔
EPAPER
Updated: October 03, 2023, 11:15 AM IST | Agency | Hangzhou
رتوراج کی قیادت میں ہندوستان کی کرکٹ ٹیم آج نیپال سے کوارٹر فائنل میں کھیلے گی۔ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بہترین موقع۔
ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان رتوراج گائیکواڑ نے پیر کو کہا کہ ان کی ٹیم کی نظر ایشیاڈ میں طلائی تمغے پر ہے اور اس مقصد کے ساتھ ٹیم منگل کو نیپال کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلہ کھیلنے کیلئے میدان میں اترے گی۔میچ کے موقع پر انہوں نے کہاکہ ’’ٹیم کے تمام کھلاڑی خواتین کی ٹیم کی طرح گولڈ میڈل جیتنا چاہتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ ایشین گیمز میں ہر کوئی اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیت کر پوڈیم پر کھڑا ہونا چاہتا ہے۔ ہم ان سے مختلف نہیں ہیں اور اپنی خواتین کی ٹیم کی طرح گولڈ میڈل جیتنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس کا تجربہ ہے۔ ہم اس قسم کے ماحول اور حالات کے عادی ہیں۔ ٹیم کے تمام اراکین پہلی بار چینی سرزمین پر کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔
ایشین گیمز میں ہندوستانی ٹیم کو براہ راست کوارٹر فائنل میں داخلہ ملا ہے۔ چنئی سپر کنگز کے رکن ہندوستانی کپتان نے کہا کہ میں نے مہندر سنگھ دھونی سے بہت کچھ سیکھا ہے لیکن ہر شخص کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ ان کا انداز الگ ہے، ان کی شخصیت الگ ہے اور میری شخصیت کچھ الگ ہے۔ میں اپنے طریقے سے کپتانی کرنے کی کوشش کروں گا اور یہ نہیں سوچوں گا کہ وہ کیسے کپتانی کرتے ہیں ۔ ظاہر ہے کہ آپ کو ان کے کچھ فیصلوں کی تقلید کرنی ہوگی، جو وہ واقعی اچھا کرتے ہیں ۔ میچ کے دوران وہ جس طرح سے کھلاڑیوں اور حالات کو سنبھالتے ہیں ، یہ ان سے سیکھنے لائق چیزیں ہیں۔
ہندوستانی ٹیم کے کوچ وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا کہ ہم چین آکر کرکٹ کھیلیں گے۔ یہ پوری ٹیم کے لیے بہترین موقع ہے۔ ایشین گیمز میں شرکت ان تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا موقع اور بڑے فخر کی بات ہے۔