آج ہندوستان اور زمبابوے کی خاتون ٹیموںکے درمیان ٹی۔۲۰؍مقابلہ، ہرمن پریت بطور کھلاڑی ٹیم میں شامل،ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری رہنے کی امید۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 4:50 PM IST | Agency | Raipur
آج ہندوستان اور زمبابوے کی خاتون ٹیموںکے درمیان ٹی۔۲۰؍مقابلہ، ہرمن پریت بطور کھلاڑی ٹیم میں شامل،ٹیم انڈیا کا پلڑا بھاری رہنے کی امید۔
ہندوستان جمعہ کو یہاں نو منتخب کپتان اسمرتی منداھناکی قیادت میں زمبابوے کے خلاف ۳؍ میچوں کی ٹی ۔۲۰؍ انٹر نیشنل سیریز کے ساتھ نئے دور کا آغاز کرے گا تو اس کی نگاہیں اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے پر ہوں گی۔یہ پہلا موقع ہے جبکہ ہندوستان اور زمبابوے کی خواتین کی ٹیمیں دو طرفہ سیریز میں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ہندوستانی ٹیم نے حال ہی میں ایشیائی سطح پر اپنا دبدبہ ثابت کیا ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ، بالخصوص چھوٹے فارمیٹ میں اسے ابھی کافی بہتری کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کا ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ کے گزشتہ ۲؍ ٹورنامنٹ میں اچھا مظاہرہ نہیں رہا تھا جس سے اس کی کمزوری بھی کھل کر سامنے آ گئی تھی۔ ٹیم کو اگر آسٹریلیا جیسی ٹیموں کو مسلسل چیلنج دینا ہے تو اسے کھیل کے تینوں شعبوں میں بہتری لانی ہوگی۔ ہندوستان نے پچھلے سال اپنے گھریلو میدان پر تاریخی ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا، لیکن آئندہ سال کے شروع میں گھریلو میدان پر پہلی ویمنز چمپئن ٹرافی جیتنا اس کے لئے آسان نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ویبھو نے فوٹوگرافر کو خبردار کر دیا، کہا: ریلز بنانے کے چکر میں حادثہ نہ کر بیٹھنا
اگر ہندوستانی بلے بازی کی بات کی جائے تو مندھانا اور شیفالی ورما نے ٹیم کو اچھی شروعات دی ہے لیکن ہندوستانی بلے باز درمیان کے اووروں میں جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ہندوستان کو ابھی تیسرے نمبر کےلئے ایک بہترین بلے باز کی تلاش ہے۔ اس کے علاوہ سابق کپتان ہرمن پریت کور کی خراب فارم بھی تشویش کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ہرمن پریت اب ٹیم میں ماہر بلے باز کے طور پر کھیلیں گی جس سے ان پر اچھا مظاہرہ کرنے کا دباؤ اور بھی بڑھ جائے گا۔ ہندوستان کو لوور آرڈر میں رچا گھوش کا ساتھ دینے کے لئے کچھ اور پاور ہٹرز تیار کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
پچھلے کچھ وقت میں ہندوستان کی فیلڈنگ بھی اچھی نہیں رہی ہے اور ٹیم کو اس شعبے میں کافی سدھار کرنے کی ضرورت ہے۔اگر گیند بازی کے شعبے کی بات کی جائے تو نندنی شرما کا مظاہرہ مثبت پہلو رہا ہے۔ لیکن اگر مجموعی تیز گیند بازی کے حملے کی بات کی جائے تو انھیں اپنا اثر چھوڑنے کے لئے مزید بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔اسپن گیند بازی ہندوستان کی طاقت رہی ہے، جس میں نوجوان شری چرنی نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما نے اپنی آف اسپن گیند بازی سے بلے بازوں کو پریشان کیا ہے جبکہ درمیان کے اووروں میں وکٹیں لینے کے لئے لیگ بریک گیند باز پریما راوت کو مزید مواقع دئیے جانے چاہئے۔ٹیم میں شامل نئے چہروں میں نکی پرساد اور جیمنتانی کليتا شامل ہیں۔
دریں اثنایہ سیریز زمبابوے کے لئے بھی اہم ثابت ہوگی۔ اس کی ٹیم نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کو ون ڈے میچ میں ہرایا ہے جس سے وہ اعتماد سے بھری ہوئی ہے۔ ٹیم کی کپتانی جوزفن نکومو کریں گی۔ٹی ۔۲۰؍میچوں کے بعد دونوں ٹیمیں وڈودرا میں ۳؍ ون ڈے میچ کھیلیں گی۔
کپتانی کا بے صبری سے انتظار تھا
نئی ذمہ داری کے بارے میں اسمرتی مندھانا نے کہا’’میں یہ نہیں کہوں گی کہ یہ بالکل نئی بات ہے لیکن یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جس کا مجھے بے صبری سے انتظار تھا۔‘‘ واضح رہے کہ ان کے لئے کپتانی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ وہ گھریلو سطح پر مہاراشٹر کی کپتانی کرچکی ہیں اور رائل چیلنجرز بنگلور کو ۲؍ مرتبہ ڈبلیو پی ایل کا خطاب بھی دلاچکی ہیں۔ ہندوستان کے لئے بھی وہ ۱۸؍ ٹی-۲۰؍ میچوں میں کپتانی کرچکی ہیں، جن میں ۱۱؍ میں ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ ۶؍ میں شکست ہوئی۔ ۷؍ سال قبل گوہاٹی میں انگلینڈ کے خلاف انہیں پہلی بار ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کا موقع ملا تھا جب ہرمن پریت کور انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئی تھیں۔