Inquilab Logo Happiest Places to Work

لارڈس کی خطرناک پچ پر ہندوستانی بلے بازوں کا سخت اِمتحان

Updated: July 10, 2025, 11:27 AM IST | Agency | London

آج سے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کا آغاز۔ مہمان ٹیم ہندوستان سیریز میں سبقت حاصل کرنا چاہے گی۔ انگلینڈ بھی چیلنج کیلئے تیار۔

The Indian team posed for a picture with cricket legends before the Lord`s Test. Team India is level at 1-1 in the series. Photo: INN
ہندوستانی ٹیم نے کرکٹ لیجنڈس کے ساتھ لارڈس ٹیسٹ سے قبل تصویر کھنچوائی ۔ٹیم انڈیا سیریز میں ۱۔۱؍ سے برابری پر ہے۔ تصویر: آئی این این

زبردست فارم میں موجود ہندوستانی بلے بازوں کو انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کرکٹ میں لارڈس کی خطرناک پچ پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے خود کو اچھی طرح سے تیار کرنا ہوگا جبکہ جسپریت بمراہ کی واپسی بھی میزبان ٹیم کے بلے بازوں کے لیے سخت  امتحان ہوگا۔
  انگلینڈ نے لیڈز میں پہلا ٹیسٹ جیتا تھا جبکہ برمنگھم میں  ہندوستان  نے دوسرا ٹیسٹ جیتا تھا اور اس طرح ۵؍ میچوں کی سیریز فی الحال برابر ہے۔ تاہم دوسرے میچ میں ہندوستان کی ۳۳۶؍ رن کی جیت کے بعد مساوات کافی بدل گئے ہیں۔ ہندوستان اب تک کے دونوں میچوں میں زیادہ تر وقت پر حاوی رہا ہے اور اگر اس نے پہلے ٹیسٹ میچ میں کچھ کیچ نہ چھوڑے ہوتے اور نچلے آرڈر کے بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تو وہ سیریز میں ۰۔۲؍ سے آگے ہوتا۔ نئے کپتان شبھمن گل کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کی ناتجربہ کاری کو دیکھتے ہوئے لگتا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم اس پر حاوی ہوجائے گی لیکن ہندوستان نے اب تک جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کو دیکھتے ہوئے اس سیریز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے والے روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ اس سے ہندوستان کی مضبوط بینچ کی طاقت بھی ظاہر ہوتی ہے۔ گل  اینڈ کمپنی کی جانب سے بنائے گئے رن کے پہاڑ نے بین اسٹوکس کو ایک سپاٹ پچ تیار کرکے مخالف ٹیم کو مقابلے سے باہر کرنے کی اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کردیا۔
    لارڈس کے پاس اوپر اور نیچے کی ڈھلوان پچ کا منفرد چیلنج بھی ہے۔ بمراہ اور جوفرا آرچر کی واپسی بلے بازوں کے کام کو مزید مشکل بنا دے گی۔ آرچر ۴؍برسوں میں انگلینڈ کے لیے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ بلے بازی کے شعبے میں ہندوستانی ٹیم کے لیے فکر کرنے کی بات نہیں ہے، سوائے کرون نائر کے فارم کے، جو لینتھ گیندوں کے خلاف قدرے بے چین نظر آتے ہیں۔ انگلینڈ شارٹ پچ ڈلیوری کے ساتھ یشسوی جیسوال کو آزمانے کی کوشش کرے گا لیکن تمام امکانات میں، ہندوستانی اوپنرس رن بنانے کا کوئی نہ کوئی راستہ تلاش کر لیں گے۔ ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں واحد متوقع تبدیلی پرسدھ  کرشنا کی جگہ بمراہ کی ہوگی۔ 

 گل ۱۵؍مقامات کی بڑی چھلانگ کیساتھ چھٹی پوزیشن پر  
ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ رینکنگ میں۱۵؍ درجے کی چھلانگ کے ساتھ  چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں،  اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک  ہم وطن جو روٹ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق ایجبسٹن میں پہلی اننگز میں۱۵۸؍ رن بنانے والے انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک نے اپنے ساتھی کھلاڑی جو روٹ کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے اور اب وہ روٹ سے۱۸؍ پوائنٹس آگے ہیں۔ جو روٹ اب دوسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میں۲۶۹؍ اور۱۶۱؍ رن کی تاریخی اننگز کھیلنے والے ہندوستانی ٹیسٹ کپتان شبھمن گل۱۵؍  درجے ترقی کر کے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ ان کے کریئر کے بہترین۸۰۷؍ ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

انگلینڈ نے لارڈس ٹیسٹ کیلئے آرچر کو ٹیم میں بلایا
انگلینڈ نے  ہندوستان  کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کیلئے  تیز گیندباز جوفرا آرچر کو ٹیم میں واپس بلا لیا ہے۔کہنی اور کمر کی انجری کے باعث تقریباً ساڑھے ۴؍ سال سے محدود اوورس کے میچ کھیلنے والے جوفرا آرچر کو لارڈس میں  جمعرات سے  ہونے والے میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ ہفتے  ہندوستان کے ہاتھوں۳۳۶؍رن کی شکست کے بعد ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے جوش ٹنگ کی جگہ جوفرا آرچر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ٹنگ  اس سیریز میں۱۱؍ وکٹ  کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز  ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے سسیکس کے لیے۱۸؍اوور کر کے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی  اور انہیں اسی میدان پر ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جہاں  انہوں نے ۶؍ سال قبل ٹیسٹ میں قدم رکھا تھا۔ لارڈس ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کا اسکواڈ: زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، ہیری بروک، اولی پوپ، جو روٹ، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، برائیڈن کارس، کرس ووکس، جوفرا آرچر، شعیب بشیر۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK