چوتھے ٹیسٹ سے قبل ہندوستانی کھلاڑیوں نے مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کے میدان کا دورہ کیا اور فٹبالرس سے ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: July 22, 2025, 12:44 PM IST | Agency | Manchester
چوتھے ٹیسٹ سے قبل ہندوستانی کھلاڑیوں نے مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کے میدان کا دورہ کیا اور فٹبالرس سے ملاقات کی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے مشہور فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کا دورہ کیا۔ یہاں ہندوستانی کرکٹرس مانچسٹر یونائٹیڈ کی جرسی میں نظر آئے جب کہ مین یونائٹیڈ کے فٹبالرس نے ہندوستان کی ٹیسٹ جرسی پہنی۔
اس دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے فٹبال اور کرکٹ کھیل کر خوب مزے کئے۔ مانچسٹر میں ہندوستانی کپتان شبھمن گل اور نائب کپتان رشبھ پنت گول کرتے ہوئے نظر آئے۔ بی سی سی آئی نے ایکس پوسٹ کے ذریعے اس دورے کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم اتوار کو مانچسٹر پہنچی تھی ۔ ٹیم کو ۲۳؍ جولائی سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا چوتھا میچ کھیلنا ہے۔ یہ میچ اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم ۵؍میچوں کی سیریز میں۱۔۲؍ سے پیچھے ہے۔ ٹیم کو لندن ٹیسٹ میں ۲۲؍ رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے دوسرا ٹیسٹ جیت لیا تھا۔
چوتھے ٹیسٹ میں اگر آکاش دیپ کو بھی نااہل سمجھا جاتا ہے تو ٹیم مینجمنٹ کو جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے ساتھ تیسرے تیز گیند باز کی جگہ کے لیے پرسدھ کرشنا یا انشول کمبوج میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ کمبوج، جو ہفتے کے آخر میں زخمی عرشدیپ کے کور کے طور پر ٹیم میں شامل ہوئے تھے، کوپیر کو مرکزی اسکواڈ میں شامل کیا گیا، جس سے ان کے حیرت انگیز آغاز کا امکان بڑھ گیا۔ پیر کو ہریانہ کے تیز گیند باز نے سراج، بمراہ، پرسدھ اور شاردُل ٹھاکر کے ساتھ نیٹ پر مشق کی۔
کلدیپ کو موقع ملنا چاہئے: ہارمیسن
انگلینڈ کے سابق تیز گیند باز اسٹیو ہارمیسن کا ماننا ہے کہ ہندوستان کو چوتھے ٹیسٹ کے لیے کلدیپ یادو کو اپنی آخری الیون میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے سے متوازن ٹیم میں اس کلائی کے اسپنر کو شامل کرنے سے انتخاب کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ توقع ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ کی پچ سے اسپن بولنگ میں مدد ملے گی۔ ہارمیسن نے کہا کہ ہندوستان کو بدھ سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے چوتھے ٹیسٹ سے پہلے یہ جرات مندانہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ تین اسپنرس کے ساتھ کھیلنا ہے یا نہیں تاہم، اگر مہمان ٹیم دو اسپنرس کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کرتی ہے اسے آل راؤنڈر کو شامل کرنا ہوگا۔