ٹیم انڈیا کے نوجوان بلے باز نے کہا کہ میں اس پوزیشن میں تھا، جہاں میں گیند پر تیزی سے ردعمل ظاہر کر رہا تھا۔
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 1:19 PM IST | Agency | Mumbai
ٹیم انڈیا کے نوجوان بلے باز نے کہا کہ میں اس پوزیشن میں تھا، جہاں میں گیند پر تیزی سے ردعمل ظاہر کر رہا تھا۔
ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں بین الاقوامی ٹی ۲۰؍میچ میں شاندار سنچری کا کریڈٹ کپتان سوریہ کمار یادو اور دیگر سینئر ساتھیوں کے تعاون کو دیا۔
ابھیشیک نے اتوار کو میچ کے بعد کہاکہ ’’میں اس پوزیشن میں تھا، جہاں میں گیند پر تیزی سے ردعمل ظاہر کر رہا تھا۔ مجھے اپنا اسکور بھی معلوم نہیں تھا۔ میں نے سوریہ کمارپاجی سے پوچھا کہ آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘ انہوں نے کہا ` کہ وکٹ گر گیا ہے، اس لئے آپ اپنا وقت لے سکتے ہیں، چند گیندیں کھیل سکتے ہیں۔ اس سے مجھے واقعی مدد ملی اور اسی وجہ سے میں اپنی سنچری اور سب سے زیادہ اسکور بنانے میں کامیاب رہا۔ اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں `ہندوستان کے لئے دوسری تیز ترین بنانے جا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا، ’’میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا کہ میں آخر تک کھیلوں۔ میں ٹیم کی صورتحال کے مطابق گیند پر شاٹس کھیل رہا تھا۔ خوش قسمتی سے جب میں ۸۰؍یا ۹۰؍رن پر تھا تو سوریہ پاجی آئے اور کہا کہ تم نے اب تک اچھا کھیلا ہے، بہت محنت کی ہے، اس لیے تم دو تین گیندیں کھیل سکتے ہو۔ جب کپتان آپ کے ساتھ بیٹنگ کر رہا ہوتا ہے اور آپ کو کچھ کہتا ہے تو مجھے لگا کہ مجھے احتیاط سے بیٹنگ کرنی چاہیے۔ ہاردک پانڈیا جب آئے تو انہوں نے کہا کہ وکٹ گر رہے ہیں، اس لیے آپ کو صورتحال کے مطابق کھیلنا ہوگا اور آخر تک بیٹنگ کرنی ہوگی کیونکہ آپ گیند کو اچھی طرح سے مار رہے ہیں۔ پھر اکشر پٹیل آئے، یہ تینوں سینئر کھلاڑی ہیں اور ہندوستان کے لیے اچھا کھیل چکے ہیں، اس لیے اس صورتحال میں سننے کے لیے اس سے بہتر کوئی کھلاڑی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے کل بی سی سی آئی ایوارڈس میں یشسوی جیسوال اور شبھمن گل سے ملاقات کی تھی۔ ہمارے درمیان کبھی کوئی مسابقت نہیں رہی، ہم انڈر۱۶؍ ٹیم سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔ ہمارا ایک ہی خواب تھا - ہندوستان کے لیے کھیلنا اور اپنے ملک کی نمائندگی کرنا۔ ہم تینوں اب کھیل رہے ہیں، اس لیے اس سے بہتر کوئی احساس نہیں ہے۔‘‘
نوجوان بلے باز نے کہا کہ میں نے اس سیزن سے پہلے ایک خاص انداز میں بیٹنگ کرنے کے لیے سخت محنت کی تھی اور جب میں نے نتائج دیکھے تو مجھے لگا کہ مجھے خود کا سپورٹ کرنا چاہیے۔ میں نے اوپن نیٹ پر میچ کے کئی منظرناموں کی مشق کی۔ برائن لارا نے مجھے ایک بات بتائی تھی – بس اپنے شاٹس کھیلو لیکن یقینی بناؤ کہ تم آؤٹ نہ ہوجاؤ تو یہ بات میرے ذہن میں تھی۔ اس سے مجھے مدد ملی اور مجھے لگا کہ میں پہلی یا دوسری گیند پر بھی شاٹ مار سکتا ہوں اور یہ سوچ کر میں نے اپنی بلےبازی میں تیزی بھی لائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ جوان ہوتے ہیں تو آپ بہت کچھ تلاش نہیں کرتے اس کے باوجود میں نے ایسا کیا اور محسوس کیا کہ میں زیادہ ارادے کے ساتھ کھیل سکتا ہوں اور ٹیم کی مدد کرسکتا ہوں۔ جب آپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو آپ کو اپنی ٹیم کی حمایت حاصل ہوتی ہے تو میں نے سوچا کہ جب میرا دن ہوگا تو مجھے اس طرح کھیلنا ہوگا، چاہے وہ پنجاب کے لیے ہو یا اپنی فرنچائز کے لیے۔ ظاہر ہے جب بات ہندوستان کی ہو تو یہ ایک خاص اور بڑا لمحہ ہوتا ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ اگر میرے پاس ٹیلنٹ ہے تو مجھے اسے نکھارنا چاہیے۔ نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، لیکن آپ کو اس طرح کھیلنے کے بارے میں واضح ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب آپ کا کپتان اور کوچ آپ سے کہتے ہیں کہ آپ کو اس طرح کھیلنا ہے اور ہم آپ کو سپورٹ کر رہے ہیں، ہم آپ کے لیے ہمیشہ موجود رہیں گے، تو یہ ٹیم میں کسی نوجوان کھلاڑی کے لیے سب سے بڑا محرک ہوتا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ جنوبی افریقہ میں ہاردک پاجی اور سوریہ پاجی مجھے کہتے تھے، تم صد فیصد رن بناؤ گے، بس اپنے آپ پر یقین رکھو۔ اس سیریز میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر پاجی مجھے واپس لائے، میں شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر یقین کیا، یہ عام بات نہیں ہے اور کسی بھی کھلاڑی کے لیے سب سے بڑا محرک ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ابھیشیک نے اس میچ میں صرف۳۷؍ گیندوں پر سنچری بنائی تھی جو ہندوستان کے لیے مردوں کے ٹی۲۰؍میں دوسری تیز ترین سنچری ہے۔ ہندوستان نے یہ میچ۱۵۰؍ رن سے جیت کر سیریز بھی۱۔۴؍ سے جیت لی۔
اس سے قبل ٹیم انڈیا نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف اپنی دوسری سب سے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ۵؍میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز۱۔۴؍ سے جیت لی ہے۔ ریکارڈس سے بھرے اس میچ میں ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ابھیشیک شرما کے ریکارڈ۱۳۵؍رن کی بدولت۹؍ وکٹ پر۲۴۷؍ رن بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم۹۷؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور۱۵۰؍ رن سے میچ ہار گئی۔ ہندوستانی ٹیم نے ۲۰۲۳ء میں نیوزی لینڈ کو ۱۶۸؍ رن سے شکست دی تھی جو اس کی ٹی ۲۰؍ میں سب سے بڑی جیت ہے۔ تاہم گیند بازوں نے بھی خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی جیت میں مدد کی۔ محمدسمیع نے ۲۵؍رن دے کر۳؍وکٹ لئے۔ اس طرح ورون چکرورتی، شیوم دوبے اور ابھیشیک شرما نے۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے۲۱؍ رن جوڑے۔ سنجو سیمسن نے ۱۶؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ابھیشیک شرما نے صرف۱۶؍ گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ کریز پر آنے والے تلک ورما نے ۱۵؍ گیندوں میں ۲۴؍ رن بنائے۔ اس دوران ابھیشیک نے۳۷؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔یاد رہے کہ یہ ان کی دوسری ٹی ۲۰؍ سنچری ہے۔