Updated: July 03, 2026, 12:13 PM IST
|
Agency
| Mumbai
ٹیم انڈیا کے جارح افتتاحی بلے باز ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی۔۲۰؍میچ میں ریکارڈز کی جھڑی لگا دی۔ ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ پر کھیلی گئی ان کی ۲۴؍ گیندوں پر ۵۹؍رنوں کی طوفانی اننگز نے نہ صرف ہندوستان کو ایک مضبوط شروعات فراہم کی۔
ابھیشیک۔ تصویر:آئی این این
ٹیم انڈیا کے جارح افتتاحی بلے باز ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی۔۲۰؍میچ میں ریکارڈز کی جھڑی لگا دی۔ ڈرہم کے ریور سائیڈ گراؤنڈ پر کھیلی گئی ان کی ۲۴؍ گیندوں پر ۵۹؍رنوں کی طوفانی اننگز نے نہ صرف ہندوستان کو ایک مضبوط شروعات فراہم کی بلکہ انہیں ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی بڑے ریکارڈز کا مالک بھی بنا دیا۔ اگرچہ بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہو گیا لیکن ابھیشیک کی یہ تاریخی اننگز بحث کا مرکز بن گئی۔
۷۸۵؍گیندوں میں ۱۰۰؍ چھکے مکمل
ابھیشیک شرما ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے تیز ۱۰۰؍ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف ۷۸۵؍ گیندوں میں انجام دیا اور ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس (۷۸۹؍ گیندیں) کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنی اننگز کے دوران ۲؍ چھکے لگا کر یہ تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔
ٹی۔۲۰؍ میں سب سے تیز ۱۰۰؍ چھکے
ابھیشیک شرما ۷۸۵؍ گیندیں۔ایون لیوس۷۸۹؍گیندیں۔فن ایلن ۸۷۱؍ گیندیں۔ٹم ڈیوڈ ۹۳۱؍ گیندیں۔کولن منرو ۹۶۳؍ گیندیں۔سوریہ کمار یادو ۱۰۰۷؍ گیندیں۔
سوریہ کمار یادو کا ہندوستانی ریکارڈ بھی توڑ دیا
ابھیشیک شرما نے اس کامیابی کے ساتھ سوریہ کمار یادو کا ہندوستانی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ سوریہ کمار نے ٹی۔۲۰؍میں ۱۰۰؍ چھکے مکمل کرنے کیلئے ۱۰۰۷؍ گیندوں کا سامنا کیا تھا جبکہ ابھیشیک نے یہ کارنامہ ان سے ۲۲۲؍ گیندیں پہلے ہی انجام دے دیا۔ اس کے ساتھ ہی ۱۰۰؍ ٹی۔۲۰؍ چھکے لگانے والے وہ پانچویں ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں سب سے اوپر روہت شرما ہیں۔
ہندوستان کیلئے ٹی۔۲۰؍ میں سب سے زیادہ چھکے
روہت شرما(۲۰۵)، سوریہ کمار یادو (۱۷۹)،ہاردک پانڈیا(۱۲۶)،وراٹ کوہلی (۱۲۴) ابھیشیک شرما (۱۰۰)۔ واضح رہے کہ ابھیشیک شرما ڈیبیو کے بعد سے مسلسل دھوم مچا رہے ہیں۔جولائی ۲۰۲۴ءمیں اپنے ٹی۲۰؍کےکریئر کا آغاز کرنے والے ابھیشیک شرما نے بہت ہی کم وقت میں خود کو دنیا کے سب سے دھماکے دار بلے بازوں میں شامل کر لیا ہے۔ ان کے نام اب ۱۴۵۰؍ سے زیادہ ٹی۔۲۰؍رن ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ ۱۹۰؍سے زیادہ ہے، جو ۱۰۰۰؍سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں میں سب سے زیادہ ہے۔
میچ بارش کی نذر ہوگیا
ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوور میں۷؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۹؍ کا مضبوط اسکور کھڑا کرلیا تھا۔ ابھیشیک شرما (۵۹)، کپتان شریاس ایر (۶۸) اور شیوم دوبے (ناٹ آؤٹ ۴۲) نے اہم اننگز کھیلیں۔ تاہم انگلینڈ کی اننگز شروع ہونے سے پہلے ہی بارش آ گئی اور طویل انتظار کے بعد میچ کو منسوخ قرار دے دیا گیا۔