• Mon, 12 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابھیشیک شرما کی ونڈیز کیخلاف جارحانہ بلے بازی

Updated: October 12, 2026, 12:04 PM IST | Inquilab News Network | Indore

تیسرے ٹی۔۲۰؍میچ میں بلے بازی کے لئے آسان وکٹ پر لڑکھڑانے کے بعد سنبھلتے ہوئے ہندوستان نے ۲۲۳؍رن بنائے۔

Abhishek Sharma displayed aggressive batting. Photo: PTI
ابھیشیک شرما نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

بلے بازی کیلئے سازگار پچ، چھوٹی باؤنڈری اور مضبوط شروعات کے باوجود خراب شاٹ کھیل کر ہندوستانی ٹیم نے تیسرے ٹی۔۲۰؍ میچ میں اپنی مشکلات خود بڑھا لیں۔ ایک بڑے اسکور کی جانب بڑھتے ہوئے ٹیم کا مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا لیکن پھر سنبھلتے ہوئے ٹیم نے ۲۰؍ اوور میں ۲۲۳؍ رن بنالئے۔ چھوٹے میدان میں اس اسکور کو محفوظ تو نہیں مانا جا سکتا، لیکن چیلنجنگ ضرور ہے۔ ٹی۔۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے آل آؤٹ ہو کر بنایا گیا یہ تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔

پہلے ۲؍ میچوں میں ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم ہی جیتی تھی اور اندور میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ شروعات اتنی دھیمی تھی کہ تقریباً ڈھائی سال میں ایسا پہلی بار ہوا جب ہندوستانی ٹیم نے ابتدائی ۲؍اووروں میں کوئی باؤنڈری نہیں لگائی۔ اس سے قبل جنوری ۲۰۲۴ء میں بنگلور میں افغانستان کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ میچ میں ایسا ہوا تھا، تب سے اب تک ٹیم کے ۷۷؍ میچ ہو چکے ہیں۔ دوسرے ہی اوور میں بڑا جھٹکا لگا جب شمار جوزف کی ۱۵۰ء۸؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینکی گئی گیند کو فلک کرنے کی کوشش میں سنجو سیمسن (۳)  مڈ وکٹ پر نکولس پورن کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد ہندوستانی بلے بازوں بالخصوص ابھیشیک شرما نے جارحانہ انداز اپنایا۔ہولکر اسٹیڈیم کے چھوٹے میدان پر وہ اتنے اعتماد کے ساتھ شاٹس کھیل رہے تھے مانو نیٹ پر پریکٹس کر رہے ہوں۔ جہاں چاہا گیند کو باؤنڈری کے باہر بھیج دیا۔ انہوں نے ۱۸؍ گیندوں میں نصف سنچری پوری کرتے ہوئے اپنے ارادے ظاہر کر دئیے۔ مگر ابھی میچ میں ڈرامائی موڑ آنا باقی تھا۔ ایک وکٹ پر ۱۱۵؍ رن بنا کر ہندوستانی ٹیم بڑے اسکور کی طرف بڑھتی دکھائی دے رہی تھی لیکن اگلی ۱۰؍ گیندوں میں ۳؍ وکٹیں گنوا نے سے میچ کا رخ بدل گیا۔ نویں اوور میں روسٹن چیز دوبارہ گیند بازی کے لئے آئے اور ایشان کشن نے چھکا لگا کر ان کا استقبال کیا۔ اگلی ہی گیند پر انہوں نے کشن کو پھر للچایا۔ کشن جال میں پھنس کر آگے بڑھ کر مارنے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے۔ یہ چوتھا موقع تھا جب روسٹن چیز نے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں کشن کو آؤٹ کیا۔ کشن نے ۱۸؍ گیندوں پر ۳۷؍ رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی ۱۰۸؍ رنوں کی شراکت داری ختم ہو گئی۔ اسی اوور کی پانچویں گیند پر ہندوستانی کپتان شریاس ایر بھی ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ حیرانی اس لئے بھی زیادہ تھی کہ شریاس کو اسپن کا اچھا کھلاڑی مانا جاتا ہے لیکن وہ سیدھی گیند پر دھوکہ کھا گئے۔

بڑا جھٹکا اگلے ہی اوور میں لگا جب  شمار اسپرنگر کی باؤنسر پر ابھیشیک کی ٹائمنگ درست نہیں رہی۔ گیند بلے کا بیرونی کنارہ لیتے ہوئے ہوا میں گئی اور گیند باز نے ہی کیچ پکڑ کر اس شاندار اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ ۳۰؍گیندوں پر ۶۹؍رنوں کی اننگز میں ابھیشیک نے شائقین کا خوب دل بہلایا۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی اچانک میدان میں سناٹا چھا گیا، شائقین کے چہرے مایوس ہو گئے اور امیدیں تلک ورما پر ٹک گئیں۔ تلک ورما نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے رن ریٹ کو کم نہیں ہونے دیا۔ لوورآرڈر کے بلے بازوں نے بڑی اننگز کھیلنے کے بجائے تیز رفتار اننگز کھیلنے کو ترجیح دی۔ اسکور چھوٹے رہے، لیکن ٹیم کا اسکور بورڈ متحرک رہا۔ کریبین تیز گیند باز زیادہ مؤثر نظر آئے۔ انہوں نے کل ۱۲؍ اوورز گیند بازی کرتے ہوئے ۱۴۲؍ رن دے کر ۵؍ وکٹیں لیں جبکہ اسپنروں نے ۸؍ اوور گیند بازی کرتے ہوئے ۷۵؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK