• Mon, 12 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیپال: ندی میں ملبہ سے بھراسیلاب، ۱۰؍ افراد لاپتہ، ۳۵؍ سے زائد مکانات بہہ گئے

Updated: October 12, 2026, 12:47 PM IST | Agency | Kathmandu

نیپال کے شمالی گورکھا ضلع میں اتوار کی صبح بوڑھی گنڈک ندی میں ملبے سے بھرے اچانک آئے سیلاب نے بھاری تباہی مچائی ہے۔

A scene of flash floods in Nepal. Photo: INN
نیپال میں اچانک آئے سیلاب کامنظر۔ تصویر: آئی این این
نیپال کے شمالی گورکھا ضلع میں اتوار کی صبح بوڑھی گنڈک ندی میں ملبے سے بھرے اچانک آئے سیلاب نے بھاری تباہی مچائی ہے۔ اس سیلاب میں کم از کم۱۰؍ افراد بہہ گئے اور۳۵؍سے زائد مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔اس تباہ کن آفت میں پین یو، بگر، سلیری اور گھٹی کھولا سمیت مختلف بستیوں کے تقریباً  ۳۵؍ سے زائد مکانات، ۳؍ پکے پل، ۴؍ جھولا پل اور ایک زیرِ تعمیر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ اچانک آئے اس سیلاب کے بعد سیکڑوں خوفزدہ مقامی دیہاتی اپنے گھر چھوڑ کر جان بچانے کیلئے اونچی پہاڑیوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
گورکھا کے اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ افسر نیتر پرشاد شرما نے بتایا کہ صبح سویرے آنے والے اس شدید سیلاب نے آرو گھاٹ، تری پورا سندری اور سوتی-مانبو کو جوڑنے والے پکے پلوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
 
 
اس کے علاوہ دھارچے رورل میونسپلٹی کے وارڈ نمبر ایک اور تین کو جوڑنے والا بیلی برج، نیز مچھی کھولا-کروجاہ، تھاڈو بھاریانگ- جگت اور گھٹے کھولا-فلم کو جوڑنے والے چار جھولا پل بھی سیلاب کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہیں۔ چومنوبری رورل میونسپلٹی کے چیئرمین نیما لاما اور پولیس حکام کے مطابق سیلاب نے چومنوبری- ۳؍ کے پین یو اور بگر علاقے میں۳۵؍ سے زائد گھروں کو زمین بوس کر دیا۔ اس کے علاوہ جگت، سلیری، دوبھان اور گھٹے کھولا کی رہائشی بستیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ چوری میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چومچیت میں واقع مویشیوں کے پانچ شیڈ بھی کٹ گئے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق  خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بوڑھی گنڈک کی معاون ندی سیارل کھولا  میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی جھیل بن گئی تھی  جس کے اچانک پھٹنے سے یہ تباہی آئی ہے۔ گورکھا ضلع انتظامیہ اور مقامی پولیس لاپتہ۱۰؍ افراد کی تلاش اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں  جبکہ نقصان کی مکمل تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK