• Wed, 10 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ میں افغانستان کا فاتحانہ آغاز

Updated: September 10, 2025, 4:27 PM IST | Dubai

صدیق اللہ (ناٹ آؤٹ۷۳؍رن) اور عظمت اللہ عمرزئی (۵۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان نے منگل کو ایشیا کپ گروپ بی کے اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو۹۴؍رن سے شکست دے دی۔

Afghan Team.photo:INN
افغان ٹیم۔ تصویر:آئی این این

صدیق اللہ  (ناٹ آؤٹ۷۳؍رن) اور عظمت اللہ عمرزئی (۵۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان نے منگل کو ایشیا کپ گروپ بی کے اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو۹۴؍رن سے شکست دے دی۔

 ۱۸۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی شروعات بہت خراب رہی اور صرف۲۲؍ رن کے اسکور پر اس کے ۴؍ وکٹ گر گئے۔ فاروقی نے پہلے ہی اوور میں انشومن رتھ (صفر) کو آؤٹ کیا۔ عمرزئی نے اگلے ہی اوور میں ذیشان علی (۵) کو آؤٹ کیا۔ نزاکت خان (صفر) اور کلہان چلو (۴) رن آؤٹ ہوئے۔ نور نے۱۰؍ویں اوور میں کے  شاہ (۶؍ رن) کو آؤٹ کیا۔ بابر حیات (۳۹) شاندار بلے بازی کر رہے تھے،۱۳؍ویں اوور میں نائب کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۳؍ چھکے لگائے۔ اعجاز خان (۶؍رن) راشد خان کا شکار بنے۔ ۱۹؍ویں اوور میں نائب نے کپتان یاسین مرتضیٰ (۱۶) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔۲۰؍ویں اوور میں فاروقی نے احسان خان (۶؍رن) کو آؤٹ کر کے ہانگ کانگ کو نواں جھٹکا دیا۔ ہانگ کانگ کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ  کے نقصان پر صرف۹۴؍ رن   بنا سکی اور۹۴؍ رن سے میچ ہار گئی۔ 
افغانستان کی جانب سے ایف فاروقی اور گلبدین نائب نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ عمرزئی اور نور احمد نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ قبل ازیں ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ  کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کو ابتدا ہی میں ۲؍ وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر بلے باز رحمٰن اللہ اور ابراہیم زدران بالترتیت۲۵؍ اور۲۶؍رن  کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔  اس کے بعد صادق اللہ اٹل اور محمد نبی کے درمیان۵۱؍ رن کی پارٹنرشپ ہوئی،۷۷؍رن  کے مجموعی اسکور پر کنچت شاہ نے محمد نبی کو نزاکت خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکر پارٹنرشپ کا خاتمہ کیا، محمد نبی نے ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۳؍ رن  بنائے۔  آؤٹ ہونے والے اگلے  بلے باز گلبدین نائب جو محض ۵؍ رن بناکر کنچت شاہ ہی کا شکار بنے۔ اس کے بعد اوپنر بلے باز صادق اللہ ا ٹل اور عظمت اللہ عمرزئی کے درمیان چھٹے  وکٹ کے لیے۸۲؍ رن  کی قیمتی پارٹنرشپ ہوئی۔ عظمت اللہ نے دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے۵۳؍ رن کی خوبصورت اننگز کھیلی، ان کا وکٹ آیوش شکلا کے حصے میں آیا، کریم جنت ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔صادق اللہ اٹل  نے ۶؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۷۳؍ رن  بنائے اور اسکور بورڈ پر۶؍وکٹ ۱۸۸؍رن   کا ہندسہ سجانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہانگ کانگ کی جانب سے کنچت شاہ اور آیوش شکلا نے ۲۔۲؍ وکٹ  لئے  جبکہ عتیق اقبال اور احسان خان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK