Inquilab Logo

مسلسل ۲؍ شکست کے بعد چنئی کی ٹیم گھریلو میدان پر اچھا کھیلنا چاہے گی

Updated: April 08, 2024, 11:24 AM IST | Chennai

آئی پی ایل میں آج چنئی سپرکنگز کا کولکاتا نائٹ رائیڈرس سے مقابلہ۔ کپتان رتوراج اور راچن رویندر کو اپنے کھیل میں بہتری لانی ہوگی۔

Ajinkyarahane and Rituraj Gaikwad. Photo: PTI
اجنکیارہانے اور رتوراج گائیکواڑ۔ تصویر: پی ٹی آئی

لگاتار۲؍ شکستوں کے بعد دفاعی چمپئن چنئی سپرکنگز پیر کو یہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے خلاف آئی پی ایل میچ میں جیت کے ساتھ لوٹنے کی کوشش کرے گی، اس لئے انہیں اس سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کے ٹاپ آرڈرسے بہتر کھیل کی توقع کی جائے گی۔ مسلسل دو شکستوں کے باوجود چنئی سپر کنگز کی ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہوگا تاہم انتظامیہ ٹیم کی کمزوریوں کا حل تلاش کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔ 
کپتان رتوراج گائیکواڑ اور باصلاحیت راچن رویندر کو اپنے کھیل میں بہتری لانی ہوگی اور پاور پلے میں سپر کنگز کو اچھی شروعات کرنی ہوگی۔ گائیکواڑ۱۱۸ء۹۱؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنانے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ رویندر پچھلے ۲؍ میچوں میں متاثر کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ موجودہ ٹورنامنٹ میں سپر کنگز کے سب سے کامیاب بلے باز شیوم دوبے ہیں جنہوں نے ۱۶۰ء۸۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۴۸؍ رن بنائے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ نوجوان بلےبازسمیر رضوی کی ٹیم میں واپسی ہوتی ہے یا نہیں۔ ۲۰؍ سالہ نوجوان بلے باز نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف اپنے پہلے میچ میں ۶؍ گیندوں پر۱۴؍ رن بنائے لیکن دہلی کیپٹلس کے خلاف کھاتہ کھولنے میں ناکام رہنے کے بعد انہیں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف میچ سے باہر کردیا گیا۔ 
تیزگیندباز مستفیض الرحمان اور میتھیسا پتھیرانا مختلف وجوہات کی بنا پر ٹیم کے آخری میچ میں نہیں کھیل پائے تھے جس سے سپر کنگز کے گیندبازی شعبے کی کمزوریاں کھل کر سامنے آ گئی ہیں۔ اگر وہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ سے باہر رہتے ہیں تو سپر کنگز کو اس کی تلافی کے لئے کچھ مختلف سوچنا پڑے گا۔ اگر یہ دونوں باہر رہتے ہیں تو تیز گیندبازی کے شعبے کی ذمہ داری دیپک چاہر، تشار دیشپانڈے اور مکیش چودھری کے کندھوں پر ہوگی، جب کہ اسپن کے شعبے کی ذمہ داری معین علی، رویندر جڈیجا اور مہیش تکشانا کے کندھوں پر ہوگی۔ نائٹ رائیڈرس اور راجستھان رائلز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور دونوں ٹیموں نے بلے سے بے خوف پرفارمنس کا فائدہ اٹھایا ہے۔ سنیل نارائن کو اننگز کا آغاز کرنا کے کے آر کے لئے کافی فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔ موجودہ سیزن میں کے کے آر کے سب سے کامیاب بلے باز نارائن کو جلد پویلین بھیجنا سپر کنگز کے گیند بازوں کے لئے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ 
فل سالٹ نے بھی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نارائن کا اچھا ساتھ دیا۔ مڈل آرڈر میں کپتان شریاس ایّر اور رمندیپ سنگھ کو مزید مستقل مزاجی دکھانے کی ضرورت ہوگی جبکہ آندرے رسل اور رنکو سنگھ نے اب تک متاثر کیا ہے۔ ہرشیت رانا، رسل اور ویبھو اروڑہ نے کے کے آر کے لئے بولنگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ مشیل اسٹارک اور ورون چکرورتی بھی پہلے دو میچوں میں ناکامی کے بعد آہستہ آہستہ اپنا فارم حاصل کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر کے کے آر نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اپنے ۱۱؍ میں تبدیلیاں کرنے سے گریز کرنا چاہیں گے۔ چیپاک کی پچ پر ایک بار پھر بہت زیادہ رن بننے کی توقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK