ومبلڈن کے دفاعی چمپئن اسپین کے کارلوس الکاراز نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو شکست دے دی۔
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 11:32 AM IST | Agency | London
ومبلڈن کے دفاعی چمپئن اسپین کے کارلوس الکاراز نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو شکست دے دی۔
دفاعی ومبلڈن چمپئن کارلوس الکاراز نے برطانیہ کے کیمرون نوری کو شکست دی اور خواتین کے زمرے میں امریکہ کی امانڈا انسیمووا نے ایناستاسیا پاولیوچینکووا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
سینٹر کورٹ پر کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں الکاراز نے ایک گھنٹہ۳۹؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نوری کو۲۔۶، ۳۔۶، ۳۔۶؍سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی۔ الکاراز کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں امریکی کھلاڑی ٹیلر فرٹز سے ہوگا۔ میچ کے بعد الکاراز نے کہاکہ میں اس بار بھی خطاب جیتنے کی پوری کوشش کروں گا۔ میں یہاں جیتنے کیلئے آیا ہوں۔
نمبر ون کورٹ پر کھیلے گئے میچ میں امانڈا انسیمووا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی اناستاسیا پاولیوچینکووا کو ڈرامائی انداز میں کوارٹر فائنل مقابلے میں۱۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دے کر پہلی بار ومبلڈن کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
۲۳؍سالہ امریکی کھلاڑی پہلے سیٹ پر حاوی رہنے اور دوسرے سیٹ میں۲۔۵؍ کی برتری حاصل کرنے کے بعد سیدھی جیت کی طرف بڑھتی ہوئی نظر آئیں لیکن میچ اس وقت دلچسپ ہو گیا جب بیماری اور تھکاوٹ سے نبرد آزما پاولیوچینکووا نے زبردست واپسی کی۔ روسی کھلاڑی نے کئی میچ پوائنٹس بچائے اور سیٹ کو دلچسپ ٹائی بریکر میں پہنچا دیا۔
انیسیمووا نے اپنے چوتھے میچ پوائنٹ پر ۹۔۱۰؍کے اسکور پر شاندار واپسی کے ساتھ آخر کار میچ جیت لیا۔ انسیمووا اب سیمی فائنل میں نمبروَن سیڈ آرینا سبالینکا سے مقابلہ کریں گی۔ سبالینکا نے پہلے دن لورا سیگمنڈ جیسی مشکل حریف کو شکست دی تھی۔ منگلکی رات سینٹر کورٹ پر عالمی نمبر ایک کھلاڑی کا مقابلہ رولر کوسٹر کی طرح رہا کیونکہ ان کا مقابلہ نسبتاً کم تجربہ کار جرمن کھلاڑی لورا سیگمنڈ سے تھا، لیکن وہ کسی نہ کسی طرح میچ میں خود کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئیں اور۶۔۴، ۲۔۶، ۴۔۶؍ سے کامیاب رہیں۔