سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، کرناٹک حجاب معاملے کے ساتھ منسلک کی گئی عرضی معاملے میں مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق سے متعلق دلائل پر سماعت ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 1:29 PM IST | inq | Lucknow
سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، کرناٹک حجاب معاملے کے ساتھ منسلک کی گئی عرضی معاملے میں مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق سے متعلق دلائل پر سماعت ہوگی۔
حجاب کے معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ نےایک اہم وضاحت کی ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو قانونی نظیر کے طور پر نہیں مانا جائے گا، جس میں کہا گیا تھا کہ حجاب پہننا اسلام کا لازمی مذہبی عمل نہیں ہے۔ عدالت عظمیٰ نے اس فیصلے کو نظیر نہ ماننے کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ عرضی کو کرناٹک حجاب معاملے سے منسلک کر دیا ہے۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپل پنچولی کی دو رکنی بنچ نے ۲۰؍ نومبر کو ’مسلم ویمنز اسٹڈی سرکل‘ کی جانب سے داخل کی گئی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا۔
بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ اس معاملے کو سول اپیل نمبر ۷۰۹۵؍۲۰۲۲ء کے ساتھ منسلک کیا جائے اور الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو نظیر کے طور پر نہیں لیا جائے گا۔واضح رہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ میں جسٹس جے جے منی اور جسٹس اندرجیت شکلا کی بنچ نے ۲۱؍ اگست ۲۰۲۶ء کو سکینہ رضوی نامی طالبہ کی عرضی خارج کر دی تھی۔ طالبہ الہ آباد کے ٹیگور پبلک اسکول میں گیارہویں جماعت میں داخلہ لینا چاہتی تھی اور اسکول یونیفارم کے ساتھ حجاب پہننے کی اجازت مانگ رہی تھی۔طالبہ کا کہنا تھا کہ وہ چھٹی سے دسویں جماعت تک اسی اسکول میں حجاب پہن کر تعلیم حاصل کرتی رہی ہے، لیکن گیارہویں جماعت میں داخلے کے وقت اسکول انتظامیہ نے حجاب کے ساتھ یونیفارم پہننے پر اعتراض کیا۔
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: طبی لاپروائی اور بنیادی سہولیات کی کمی کی تصدیق کے بعد اسپتال سیٖل
جسٹس جے جے منیر اور جسٹس اندر جیت شکلا کی بنچ نے عرضی خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی تعلیمی ادارے کا ڈریس کوڈ یکساں، غیر امتیازی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے مقصد سے نافذ کیا گیا ہے تو طالب علم اس میں اپنی مرضی سے اضافی لباس شامل کرنے پر اصرار نہیں کر سکتا۔ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ عرضی گزار حجاب کو اسلام کا لازمی مذہبی عمل ثابت کرنے کے لئے کافی مواد پیش نہیں کر سکی۔ الہ آباد ہائی کورٹ کےاس فیصلے کی وجہ سے مسلم طالبات اور ان کے اہل خانہ کوکافی تشویش ہوئی تھی اور بڑے پیمانے پر کالجوں سے طالبات کے باہر نکلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
مسلم ویمنز اسٹڈی سرکل نے سپریم کورٹ میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ مسلم خواتین کے مذہبی حقوق اور تعلیم تک رسائی کو متاثر کرتا ہے۔ عرضی میں آئین کے آرٹیکل ۱۴؍ ۱۵؍ ۱۹؍ (۱) (اے)، ۲۱؍ اور ۲۵؍ کے تحت حاصل بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ درخواست گزار تنظیم کا کہنا ہے کہ حجاب پہننے کا تعلق قرآن کی مختلف آیات میں مذکور ہے۔ اس لئے محض اس بنیاد پر کہ کچھ خواتین حجاب نہیں پہنتیں، اسے غیر لازمی مذہبی عمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔سپریم کورٹ نے اس عرضی کو کرناٹک حجاب معاملے سے منسلک کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ۲۰۲۲ء میں کرناٹک ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں کے یونیفارم سے متعلق ضابطوں کو برقرار رکھتے ہوئے حجاب پر پابندی کے خلاف دائر عرضیاں خارج کر دی تھیں۔اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، جہاں اکتوبر ۲۰۲۲ء میں دو ججوں کی بنچ نے الگ الگ فیصلے سنائے تھے۔ اس کے بعد معاملہ بڑی بنچ کے سامنے زیر التوا ہے۔سپریم کورٹ کی تازہ ہدایت کے بعد الہ آباد ہائی کورٹ کا حجاب سے متعلق فیصلہ قانونی نظیر کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ تاہم حجاب کے معاملے پر ملک گیر سطح پر قانونی موقف کا حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کی آئندہ سماعتوں میں سامنے آئے گا۔